پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر تربت میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں کو لے جانے والی بس کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں کم از کم چھ اہلکار جان سے گئے جبکہ 40 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو ہونے والے اس حملے کی ابتدائی طور پر علاقے کے ضلعی پولیس افسر راشد زہری نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب ایف سی کی گاڑیوں کے ذریعے نیم فوجی دستوں کا ایک قافلہ ضلع کیچ میں تربت سے تقریباً 10 کلومیٹر دور ایک علاقے سے جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد ایف سی اہلکاروں کو لے جانے والی بس میں آگ لگ گئی جبکہ دھماکے میں دو گاڑیاں اور دو موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہو گئیں۔
’حملے میں زخمی ہونے والے شہریوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال تربت منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پیرا ملٹری فورس اپنے جوانوں کو طبی امداد کے لیے ایف سی کیمپ لے گئی ہے۔‘صوبائی انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر عرب نیوز کو بتایا کہ ’اس حملے میں ایف سی کے پانچ اہلکار ہلاک اور عام شہریوں سمیت تقریباً 40 زخمی ہوئے ہیں۔‘وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘وزیراعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی حملے کے مرتکب افراد کو ’انسان کہلانے کے لائق نہیں‘ قرار دیا ہے۔علیحدگی پسند گروہ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔معدنیات سے مالا مال صوبہ بلوچستان، جس کی سرحدیں ایران اور افغانستان سے ملتی ہیں، کو کئی دہائیوں سے شورش کا سامنا ہے، جس میں حالیہ برسوں میں شدت آئی ہے۔