دوسرا ٹیسٹ: پہلے دن جنوبی افریقہ کے بیٹرز کا راج، صائم ایوب میچ سے باہر

اردو نیوز  |  Jan 04, 2025

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر چار وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے ہیں۔

ریان رکیلٹن 176 رنز اور ڈیوڈ بیڈنگھم چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ گرین شرٹس کی جانب سے آغا سلمان نے دو جبکہ محمد عباس اور خرم شہزاد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعے کو کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور اوپنرز کے درمیان 61 رنز کی شراکت داری بنی۔ لیکن اس کے بعد گرین شرٹس نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایڈن مارکرم، ٹرسٹن سٹبس اور ویان مولڈر کو اوپر تلے آؤٹ کر کے مومینٹم اپنے حق میں کر لیا۔

اس وقت یوں لگ رہا تھا کہ پاکستانی بولنگ لائن پہلے ٹیسٹ میچ کی یاد تازہ کرتے ہوئے پروٹیز کو جلد ہی آؤٹ کر دے گی، لیکن پھر کپتان ٹیمبا بووما میدان میں آئے اور پھر پاکستان کو اگلے وقت کے لیے ایک طویل انتطار کرنا پڑا، کیونکہ انہوں نے ریان رکیلٹن کے ساتھ مل چوتھی وکٹ کے لیے 235 رنز کی شراکت داری بنا ڈالی۔

دونوں بیٹرز نے پاکستانی بولرز کے تمام حربے ناکام بنا کر میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کر دی۔ رکیلٹن نے 135 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی جبکہ بووما نے 167 گیندوں پر نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔ وہ 106 رنز بنا کر آغا سلمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

صائم ایوب انجرڈ

کھیل کے پہلے دن جہاں جنوبی افریقہ کے بیٹرز نے گرین شرٹس کو دیوار سے لگائے رکھا وہیں ٹیم کے لیے سب سے بری خبر ان فارم بیٹر صائم ایوب کا زخمی ہونا تھی۔ جو انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

پی سی بی نے کہا ’صائم ایوب کا فیلڈنگ کے دوران دائیں ٹخنہ مُڑ گیا تھا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

جمعے کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’صائم ایوب کا فیلڈنگ کے دوران دایاں ٹخنہ مُڑ گیا تھا۔ اُن کے ایکسریز اور ایم آر آئی ٹیسٹ کیے گئے اور مزید مشاورت کے لیے رپورٹس لندن میں سپیشلسٹس کو بھجوا دی گئی ہیں۔‘

خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا یہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ہے۔ جنوبی افریقہ کو سیریز میں پاکستان کے خلاف 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

دوسرے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت نسیم شاہ کی جگہ میر حمزہ پلیئنگ الیون میں شامل ہوئے ہیں۔ 

میزبان ٹیم نے پاکستان کو سنچورین ٹیسٹ میچ میں دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ریان رکیلٹن اور ٹیمبا بووما کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 235 رنز کی شراکت داری بنی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 اور تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی گئی، جس میں ٹی20 جنوبی افریقہ کے نام اور ون ڈے سیریز پاکستان کے نام رہی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، وکٹ کیپر محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، عامر جمال، میر حمزہ، خرم شہزاد اور محمد عباس شامل ہیں۔ 

جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون میں ایڈن مارکرم، ریان رکیلٹن، کپتان ٹیمبا بووما، ٹرسٹن سٹبس، ویان مولڈر، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین،  مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور کوینا مافاکا شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More