انڈیا کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں سب سے زیادہ ریٹنگز لینے والے بولر بن گئے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بارڈر گواسکر ٹرافی کے سڈنی میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں سیریز برابر کرنے کے لیے انڈیا کی نظریں جسپریت بمراہ پر جمی ہوئی ہیں۔
بارڈر گواسکر ٹرافی کے چار ٹیسٹ میچوں میں جسپریت بمراہ اب تک 12.83 کی اوسط کے ساتھ 30 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق جسپریت بمراہ دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بولر ہیں۔
اس کے علاؤہ جسپریت بمراہ 907 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں جو کے ٹیسٹ رینکنگ میں سب سے زیادہ پوائنٹس ہیں۔
2024 جسپریت بمراہ کے لیے نہایت عمدہ سال ثابت ہوا ہے جس کے بعد انہیں آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر اور آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔
اس سے قبل دسمبر 2016 میں انڈیا ہی کے رویچندرن اَشوِن نے سب سے زیادہ ٹیسٹ ریٹنگز حاصل کی تھی۔
رویچندرن اَشوِن نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 24 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے 904 ریٹنگز حاصل کی تھیں۔
دوسری جانب آئی سی سی ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ کو دیکھا جائے تو جسپریت بمراہ پہلے، آسٹریلیا کے جوش ہیزل وُڈ دوسرے، آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز تیسرے جبکہ جنوبی افریقہ کے کاگیسو رباڈا چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
اس فہرست میں پانچویں نمبر پر جنوبی افریقہ کے مارکو یانسین موجود ہیں جبکہ چھٹا نمبر نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری کا ہے۔
ٹیسٹ رینکنگ میں ساتواں نمبر آسٹریلیا کے نیتھن لائن کا ہے جبکہ سری لنکا کے پراباتھ جایاسوریا آٹھویں، پاکستان کے نعمان علی نویں اور انڈیا کے رویندرا جڈیجہ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔