آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر پہلی بار پاکستان سپر لیگ ڈرافٹ میں شامل

اردو نیوز  |  Jan 02, 2025

سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں دستیابی کا اعلان کرتے ہوئے پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے۔

منگل کے روز پی ایس ایل کے ایکس اکاؤنٹ سے ڈیوڈ وارنر کی رجسٹریشن کا اعلان کرتے ہوئے لکھا گیا ’سال 2024 کا اختتام بلندی پر، آسٹریلیا کے پاور ہاؤس ڈیوڈ وارنر نے پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے رجسٹر کر لیا ہے۔‘

ٹائمز ناؤ کے مطابق ڈیوڈ وارنر پہلی مرتبہ پی ایس ایل ڈرافٹ کا حصہ بنیں گے۔ سال 2018 سے 2019 میں وارنر پر پابندی لگنے کے بعد انہیں 2019 کا پی ایس ایل کھیلنے کی آفر کی گئی تھی جسے انہوں نے مسترد کر دیا تھا۔

تاہم چھ سال بعد وارنر دوبارہ پاکستان کی پریمیئر ٹی20 لیگ کے ڈرافت میں شامل ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2 کروڑ انڈین روپے کی قیمت کے ساتھ انڈین پریمیئر لیگ 2025 کے آکشن کا حصہ بھی بنے مگر انہیں کسی ٹیم نے نہ خریدا۔

اپریل 2025 میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل 10 کا ڈرافٹ جنوری کے آغاز میں متوقع ہے اور ڈیوڈ وارنر سمیت متعدد بین الاقوامی کرکٹرز اس کا حصہ ہیں۔

ڈیوڈ وارنر کے کیرئر پر ایک نظروارنر نے اپنے آئی پی ایل کیریئر کا آغاز 2009 میں دہلی کیپیٹلز (دہلی ڈیئر ڈیولز) کے ساتھ کیا تھا اور 2013 تک وہ اس ٹیم کا حصہ رہے۔ آئی پی ایل 2014 میں سن رائزرز حیدرآباد نے انہیں خریدا اور 2015 میں انہیں ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیا۔ سال 2016 میں ان کی کپتانی میں سن رائزرز آئی پی ایل ٹرافی جیتنے بھی کامیاب ہوئی۔ڈیوڈ وارنر کی کپتانی میں سن رائزرز حیدرآباد نے آئی پی ایل ٹرافی اپنے نام کی (فوٹو: اے ایف پی)سن رائزرز کے ساتھ وارنر کی شراکت 2021 میں ختم ہوئی جب انہیں کپتانی سے ہٹا کر پلیئنگ الیون سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

سال 2022 کے آئی پی ایل میں وہ دہلی کیپیٹلز کا حصہ بنے اور 2023 میں ٹیم کی کپتانی بھی کی۔

آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد سے رخصت کے بعد وارنر دہلی کیپیٹل کا حصہ بنے (فوٹو: اے ایف پی)وارنر کا آئی پی ایل کیریئر بظاہر معدوم نظر آتا ہے، اور تاحال وہ بگ بیش لیگ کے سیزن 2024-25 میں سڈنی تھنڈرز کے لیے کھیل رہے ہیں۔

واضح رہے ڈیوڈ وارنر 2024 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے اور اب وہ صرف فرنچائز کرکٹ کھیلتے ہیں۔

آسٹریلیا کے سابق نائب کپتان نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام 112 ٹیسٹ، 161 ون ڈے اور 110 ٹی ٹوئنٹی میچز کے ساتھ کیا۔ وارنر 2015 اور 2023 ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کا بھی حصہ تھے۔ انہوں نے 2023 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹرافی بھی جیتی اور ایک بار ٹی20 ورلڈ کپ بھی جیتے۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر ڈیوڈ وارنر کو آسٹریلیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں نے اب تک کھیلے گئے 110 ٹی20 میچوں میں 33.43 کی اوسط اور 142.47 کے سٹرائیک ریٹ سے 3 ہزار 277 رنز بنائے ہیں۔ بین الاقوامی کیریئر میں 28 نصف سنچریاں اور 100 ناٹ آؤٹ کا بہترین سکور اس کے نام ہے۔

آسٹریلیا کے لیے کھیلے گئے 161 ون ڈے میچوں میں وارنر نے 45.30 کی اوسط اور 97 سے زائد کے سٹرائیک ریٹ سے 22 سنچریوں اور 33 نصف سنچریوں کے ساتھ  6 ہزار 932 رنز بنائے۔

اپنے 184 میچوں کے آئی پی ایل کیریئر کے دوران وارنر نے 40.52 کی اوسط اور 140 کے سٹرائیک ریٹ سے 6 ہزار 565 رنز بنائے جس میں 62 نصف سنچریاں اور 4 سنچریاں شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More