مجلس وحدت مسلمین کا ملک بھر میں احتجاجی دھرنے ختم کرنے کا اعلان

سچ ٹی وی  |  Jan 02, 2025

مجلس وحدت مسلمین نے ملک بھر میں احتجاجی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک بھر میں تمام دھرنے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں دونوں فریقین کی رضامندی سے امن معاہدہ ہوچکا ہے، اب بال حکومت کی کورٹ میں ہے، معاہدے پر عمل درآمد کریں۔

ان کا کہنا تھاکہ ضلع کرم، پاراچنار کے راستے محفوظ کرنے کیلئے 400 اہلکار بھرتی کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ کوہاٹ میں ضلع کرم کی صورتحال پر جاری گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے۔

معاہدے کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائےگا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائےگا، فریقین کی جانب سے بنائےگئے مورچے ختم کیے جائیں گے۔

فریقین کی جانب سے45 ،45 افراد نے دستخط کیے ہیں، فریقین 14 نکات پر مشتمل معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں، معاہدے کے تحت فریقین کے درمیان سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے، فریقین مورچے ختم اور اسلحہ جمع کرائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے مجلس وحدت مسلمین نے کراچی کے مختلف مقامات پر دھرنے دے رکھے تھے، اس کے علاوہ لاہور، اسلام آباد اور دیگر مقامات پر بھی دھرنے دیے گئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More