ہم نیٹ ورک کا بڑا اعزاز، پاکستان میں ہونے والے کرکٹ میچز کیلئے ڈیجیٹل حقوق حاصل کرلئے۔
ہم نیٹ ورک لمیٹڈ (ایچ این ایل) کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہم نیٹ ورک کے ٹاور اسپورٹس نے سال 2025 کے لئے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم پر مشتمل بین الاقوامی کرکٹ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے ڈیجیٹل حقوق حاصل کر لئے ہیں جو نہ صرف ہم نیٹ ورک کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ پاکستان میں کھیلوں کی نشریات میں انقلاب لانے کے لئے ہم کے بلند عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
اس شاندار کامیابی کے نتیجے میں کھیلوں کے شائقین کے لئے مختلف سیریز میں ٹیسٹ،ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سمیت 35 سنسنی خیز بین الاقوامی میچز نشر کئے جائیں گے ان میچز میں 4 ٹیسٹ میچز، 16 ون ڈے میچز اور 15 ٹی 20 بین الاقوامی میچز شامل ہیں۔ یہ میچز 25 جنوری 2025 سے سال 2025 کے اختتام تک ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نشر کئے جائیں گے۔
پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹنگ کا وینیو گوادر سے لاہور منتقل کرنے پر غور
ہم نیٹ ورک، پاکستان کے بڑے میڈیا گروپوں میں سے ایک کی حیثیت سے، کھیلوں کے شائقین تک جدید ترین کھیلوں کی تفریح فراہم کرنے کے لئے وقف ہے۔ نیٹ ورک کی جانب سے یہ اقدام اٹھائے جانے کا مقصد کرکٹ کے جذبے کی ترویج اور ملک بھر کے شائقین کے درمیان قومی فخر اور اتحاد کے احساس کو فروغ دینا ہے۔
اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی نے کہا ہماری یہ کامیابی ہم نیٹ ورک کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پاکستان میں کھیلوں کے لئے ایک متحرک مستقبل کی تعمیر کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان کے کرکٹ میچوں کی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر خصوصی کوریج کا مقصد شائقین کرکٹ کو ان کے پسندیدہ کھیل تک بے مثال رسائی کی فراہمی ہے تاکہ ان کے ذوق کو تسکین حاصل ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف کرکٹ کے جذبے بلکہ قومی فخر اور اجتماعی جوش و خروش کو فروغ دینے کے لئے متحد قوت کے طور پر بھی کام کرے گا۔ ہم اپنے پلیٹ فارمز کو کرکٹ کے شوق میں اضافے کے لئے استعمال کرنے پر یقین رکھتے ہیں جو ہماری قومی شناخت کا ایک لازمی حصہ ہے۔ ہم نوجوان نسل میں کھیلوں کے شوق کو بیدار کرنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔
نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی اور مارٹن گپٹل نے پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹس میں نام درج کروا دیے
اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹاور اسپورٹس کو بولی کے عمل میں حصہ لینے اور اسے فتح حاصل کرنے پر تہہ دل سے مبارکبادپیش کرتا ہے۔ کرکٹ کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں اور بھرپور تعاون پر میں ٹاور اسپورٹس کاشکرگزار ہوں اور نہ صرف دونوں فریقوں بلکہ ملک بھر کے شائقین کے لیے بھی اس شاندار شراکت داری کا منتظر ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم اگلے 12 ماہ میں متعدد دو طرفہ سیریز کی میزبانی کریں گے جس میں ایک تین ملکی ٹورنامنٹ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا ”میں کرکٹ کے ڈیجیٹل مداحوں کے لئے بہت خوشی محسوس کررہا ہوں جو بذریعہ لائیو اسٹریمنگ بلاتعطل کرکٹ کے اس زبردست تجربے مستفید ہوسکیں گے“۔