بانی پی ٹی آئی بہانہ ہے، پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام نشانہ ہے، بلاول بھٹو

ہم نیوز  |  Dec 27, 2024

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی صرف بہانہ ہے، حقیقت میں پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام نشانہ ہے۔

گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سازش ہو رہی ہے، جس کے خلاف ایک ہونا پڑے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاست ایک طرف رکھ کر پاکستان اور دفاع کا سوچنا پڑے گا۔ بانی پی ٹی آئی واضح کریں پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کے خلاف بولنے والے ان کے حق میں کیوں ہیں۔ اسرائیل کیلئے آواز اٹھانے والے ہی بانی پی ٹی آئی کیلئے آواز کیوں اٹھا رہے ہیں؟

بینظیر بھٹو امید، استقامت ، جمہوریت اور انصاف کے اصولوں کا پیکر تھیں ، صدر زرداری ، بلاول بھٹو

مزید بولے کہ  تاثر ہے کہ مخصوص لابی ایسی حکومت چاہتی ہے جو ہر چیز پر سودا کرنے کیلئے تیار ہو۔ جب تک پیپلزپارٹی ہے ایٹمی اور میزائل پروگرام پر سمجھوتہ نہیں کرنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2008 میں پنجاب میں حکومت سازی کی طاقت ہونے کے باوجود سیاسی مصالحت کی، بین الاقوامی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اتفاق رائے سے فیصلے کرنے ہوں گے، ہمیں حکومت کی نہروں کی پالیسی پر سخت اعتراض ہے، یہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں ایک ہونا پڑے گا، سیاست کوایک طرف رکھ کر پاکستان کیلئے سوچنا ہوگا، ذوالفقاربھٹونے اسلامی بم بنایا یہ ان کا بڑا جرم تھا، شہید بےنظیربھٹو نے پاکستان کومیزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ دیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More