مصر کے سٹار فٹبالر محمد صلاح نے عندیہ دیا ہے ان کا مستقبل لیورپول کے علاوہ بھی کسی کلب سے جڑ سکتا ہے، کیریئر کا اختتام جس کلب سے بھی کریں گے، انہیں خوشی ہو گی۔فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق محمد صلاح نے اتوار کو ٹوٹنہم کلب کے خلاف 3-6 کی شاندار فتح کے بعد یہ بیان دیا ہے۔ میچ میں انہوں نے دو گول کیے اور دو میں معاونت کی۔نارتھ لندن میں کھیلے گئےاس میچ میں لیورپول نے پریمیئر لیگ میں چار پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی۔32 سالہ فٹبالر پریمیئر لیگ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے اس سیزن میں 10 گول کئے اور 10 میں معاونت کی۔محمد صلاح کے کل گولز کی تعداد 229 ہو گئی ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ لیورپول کے آل ٹائم سکوررز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔صلاح کی موجودہ شاندار پرفارمنس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کوچ آرنے سلاٹ کی ٹیم کے لیے کتنے اہم ہیں لیکن نئے معاہدے کے لیے لیورپول انہیں آمادہ نہیں کر سکا جس کی وجہ سے سٹار فٹبالر کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں بڑھ رہی ہیں۔مصر کے سٹار فٹبالر کا لیورپول کلب سے موجودہ معاہدہ اس سیزن کے اختتام پر ختم ہو رہا ہے اور وہ جنوری سے کسی دوسرے کلب کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے آزاد ہوں گے۔محمد صلاح سیزن میں پہلے بھی کئی مرتبہ اس بات کا اشارہ دے چکے ہیں کہ لیورپول کے ساتھ یہ ان کا آخری سیزن ہو سکتا ہے۔مستقبل کے بارے میں ’کوئی اپ ڈیٹ‘ نہیں، کوچ معاہدہ بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔ فوٹو گیٹی امیجزصلاح نے اپنے مستقبل کے بارے میں مبہم تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم نے ایک بڑے کلب کے خلاف میچ جیت لیا۔‘ سکائی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے سٹار فٹبالر نے بتایا ’میں جہاں کہیں بھی اپنے کیریئر کا اختتام کروں گا، میں اس پر خوش ہوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے معاہدے کے بارے میں ابھی ’کوئی اپ ڈیٹ‘ نہیں لیکن کلب کے کوچ یقیناً ان کا معاہدہ بڑھانے کے خواہشمند ہوں گے۔لیورپول نے پریمیئر لیگ میں چار پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی۔ فوٹو گیٹی امیجزمحمد صلاح کی کلب میں شاندار پرفارمنس کی بدولت لیورپول نے 25 میں سے 21 میچ جیتے ہیں۔صلاح نے اس سیزن میں گول کرنے اور معاونت کرنے کی ڈبل فگر تک پہنچنے کے بارے میں کہا میچ سے پہلے میں نے اس بارے میں نہیں سوچا تھا لیکن یہ ایسی چیز ہے جس پر مجھے فخر ہے، میں محنت جاری رکھوں گا۔