عماد وسیم کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ،’گرین جرسی میں گزرا ہر لمحہ ناقابل فراموش رہا‘

اردو نیوز  |  Dec 13, 2024

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤندر عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

پوسٹ میں اپنے مداحوں اور حامیوں کے لیے پیغام میں عماد وسیم نے کہا ’کافی سوچ بچار کے بعد میں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور گرین جرسی پہن کر  گزرا ہر لمحہ میرے لیے ناقابل فراموش رہا ہے‘۔

عماد نے لکھا ’آپ کی غیر متزلزل حمایت، محبت، اور جذبہ ہمیشہ میری سب سے بڑی طاقت رہا ہے۔ عروج سے لے کر زوال تک، آپ کی حوصلہ افزائی نے مجھے اپنے ملک کے لیے اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کے قابل بنایا۔

انہوں نے مزید کہا ’اب یہ باب اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے، میں ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ کے ذریعے کرکٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کا منتظر ہوں، اور مجھے امید ہے کہ نئے طریقوں سے آپ سب کو محظوظ کرتا رہوں گا۔ ہر چیز کے لیے آپ کا شکریہ۔‘

واضح رہے عماد وسیم نے گزشتہ سال نومبر میں بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جو انہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے واپس لے لی تھی۔ 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More