لائیو: ’حکومت کے ساتھ ابھی کوئی بات چیت نہیں، شرائط پوری ہوئیں تو مذاکرات کریں گے‘

اردو نیوز  |  Dec 13, 2024

اہم نکات

سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کا کیس

قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں سست رفتار انٹرنیٹ کا مسئلہ

اراکین پارلیمنٹ کے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ

حکومت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے: پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ’میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت کے ساتھ کوئی بات چیت یا ڈائیلاگ نہیں ہو رہے۔‘انھوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہا کہ ’ہم نے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے اور جب حکومت سنجیدگی دکھائے گی اور عمران خان کی اجازت ہو گی، تب ہی بات چیت کی جائے گی۔‘دوسری طرف مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ’اگر پی ٹی آئی والوں نے فارم 47 والی پارلیمنٹ والا موقف بدل لیا ہے تو ہم بھی مذاکرات کے بارے سوچتے ہیں۔‘اس سے پہلے پی ٹی آئی سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’دو تین دن سے یہ تاثر جا رہا کہ ہم مذاکرات کے لیے مجبور ہیں۔‘بیرسٹر علی ظفر کے مطابق اُن کی جماعت نے مذاکرات کے لیے دو شرائط رکھی ہیں وہ پوری ہوئیں تو مذاکرات کریں گے۔انھوں نے کہا کہ ’ہماری پہلی شرط 24، 25 اور 26 نومبر کو احتجاج کے موقعے پر جو کچھ ہوا اس پر کمیشن بنا دیا جائے اور ہماری دوسری شرط یہ ہے کہ بغیر کسی وجہ کے جن ورکرز کو جیل میں رکھا ہوا ان کو رہا کریں۔‘

خیبر پختونخوا میں گیس کے نئے ذخائر دریافت

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے بیٹانی-2 کنویں میں گیس اور کنڈینسیٹ کے نئے ذخائردریافت کیے گئے ہیں۔  

جمعے کو آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ولی بلاک ساماناسک فارمیشن میں یہ پہلی ہائیڈرو کاربن دریافت ہے۔

کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ ساماناسک فارمیشن سے یومیہ 2.14 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 74 بیرل یومیہ کنڈینسیٹ کی پیداوار حاصل کی جا رہی ہے۔

’ساماناسک فارمیشن میں بیٹانی کنواں -2  او جی ڈی سی ایل کی اہم دریافت ہے۔ مذکورہ دریافت سے علاقے میں مزید کنویں کھودنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔‘

ملٹری کورٹس کو 85 ملزمان کے مقدمات کے فیصلے سنانے کی مشروط اجازت

پاکستان کی سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹس کو فوج کی حراست میں موجود 85 ملزمان کے کیسز کے فیصلے کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

جمعے کو جاری کیے گئے فیصلے کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ملٹری کورٹس کے فیصلے عدالت عظمٰی میں اپیلوں کے حتمی فیصلوں سے مشروط ہوں گے۔

آئینی بینچ نے فیصلے میں کہا ہے کہ جن ملزمان کو سزاؤں میں رعایت دی جا سکتی ہے اُن کو رہا کر دیا جائے۔

دوران سماعت جسٹس جمال خان مندوخیل نے سوال کیا کہ کیا عدالت اپیل میں صرف درخواست گزار کی استدعا تک محدود رہے گی؟

شام میں پھنسے سینکڑوں پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق 300 سے زائد پاکستانی دمشق سے خصوصی فلائٹ کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد غیریقینی صورتحال پیدا ہوئی تھی اور 1100 سے زائد پاکستانی شہری وہاں پھنس کر رہ گئے تھے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں مہنگی ایل پی جی پر بحث

پاکستان کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔

جمعے کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اجلاس کے حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق  6 نکاتی ایجنڈے میں گیس کی مقامی پیداوار میں کمی اور مہنگی ایل این جی کی درآمد پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بل 2024 ایوان میں پیش کریں گے جبکہ سالانہ صدارتی خطاب پر بحث کی تحریک بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

اجلاس میں ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست رفتار پر عالیہ کامران توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گی۔

اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کے اثاثوں کے گوشوارے

پاکستان میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 2023-24 کے جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2024 ہے۔ 

کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2023-24 مجوزہ فارم بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31دسمبر 2024 تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More