بیجنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر ترقی کا عزم پختہ ہو تو کوئی طاقت ترقی سے نہیں روک سکتی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے میوزیم آمد پر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ مریم نواز کو کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے ارتقا کے تاریخی سفر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سی پی سی میوزیم میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی تاریخ پیش کی گئی۔ جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفد کو چین کی تاریخ اور انقلاب کی بصری تاریخ دکھائی گئی۔ چینی انقلاب کے اہم حصہ ماؤز تنگ کی جدوجہد کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کم کرنے کا حکومتی دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے، عمر ایوب
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی پی سی میوزیم میں ڈیجیٹل ہسٹری کو سراہا۔ جبکہ میوزیم میں رکھی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی تاریخ کا بصری مشاہدہ غیر معمولی اور یادگار تجربہ ہے۔ جبکہ کیمونسٹ پارٹی کے ارتقا نے ناصرف چین بلکہ پوری دنیا کو بدل دیا۔
انہوں نے کہا کہ چین کے عوام نے ترقی و خوشحالی کے لیے قابل تقلید کاوشیں کیں۔ اور اگر ترقی کا عزم پختہ ہو تو کوئی طاقت ترقی سے نہیں روک سکتی۔
مریم نواز نے کہا کہ چین کی ترقی اور خوشحالی ترقی پذیر ممالک کے لیے قابل تقلید ماڈل ہے۔ اور ترقی کے سفر میں چین سے مل کر آگے بڑھیں گے۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب نے چینی وفد سے ملاقات کے دوران چین کے تعاون سے پنجاب میں ایڈوانس ایئرکوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ چین اور صوبہ پنجاب کے ماحولیاتی بہتری اور اسموگ کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چین ماحول دوست توانائی اور ٹرانسپورٹ کے اجرا کے حوالے سے صوبہ پنجاب کی مدد کرے گا۔ جبکہ پنجاب میں ای ٹرانسپورٹ سسٹم کے لیے چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔