اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ مہنگائی کو کم کرنے کا حکومتی دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔ مہنگائی کم نہیں بلکہ بڑھ رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔ اور 9 مئی، 24 نومبر کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے پاس ذاتی حملوں کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوتی۔ حکومت ریت کے ٹیلے پر کھڑی ہے۔ جبکہ فیض حمید کا کورٹ مارشل فوج کا اندرونی معاملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے بزنس ٹائیکون سے مل کر کرپشن کی، خواجہ آصف کا الزام
اس سے قبل قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ مہنگائی بڑھ رہی ہے کم نہیں ہو رہی۔ اور مہنگائی کو کم کرنے کا حکومتی دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتیں نہیں لگ رہیں تو ترقی کیسے آئے گی؟ ملک میں سرمایہ کاری نہیں آرہی ہے۔ اور بیرونی ممالک کے وفود کے دوروں سے ترقی نہیں آئے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ خورشید شاہ کی سربراہی میں بننے والی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے۔ اور پارلیمانی کمیٹی میں اسلام آباد کے احتجاج کا معاملہ زیر بحث لایا جائے۔