فرانس اور سعودی پرو لیگ کے سٹار فٹبالر کریم بینزیما نے 2034 میں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کریم بینزیما نے ہفتے کے آخر میں سعودی فٹبال فیڈریشن کے علاقائی تربیتی مراکز کے تربیت یافتہ کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
سال 2023 میں التحاد میں شمولیت اختیار کرنے والے فٹبالر نے سعودی عرب میں پیش آنے والی تبدیلیوں کی تعریف کی اور دنیا کے لوگوں کو یہاں کی ثقافت کا تجربہ کرنے کی دعوت دی۔
2022 کے بیلن ڈی آر کے فاتح فٹبالر نے کہا، ’میں آپ کو سعودی عرب آنے کا مشورہ دیتا ہوں۔ کسی نے اگر کبھی یہاں آنے کا پہلے کبھی سوچا بھی ہے تو وہ اپنے لیے لازمی یہاں آئے، یہ ایک شاندار ملک ہے۔‘
بینزیما نے نوجوان فٹبال ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے سعودی قوم کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ’سعودی فٹبال ترقی کر رہا ہے، اور مجھے یقین ہے کہ 10 سال بعد سعودی عرب (ورلڈ کپ کے لیے) پوری طرح تیار ہو گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’تربیت اور ترقی کا آغاز نوجوان کھلاڑیوں سے ہوتا ہے، اور یہ بہت اہم بات ہے کہ ایک ایسی نسل تیار کرنا جو اعلیٰ سطح تک پہنچ سکے۔‘
سعودی عرب 2034 فیفا ورلڈ کپ کے لیے واحد بولی لگانے والا ملک ہے، اور 2022 میں قطر ورلڈ کپ کے بعد سعودی عرب ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والا مشرق وسطیٰ کا دوسرا ملک ہوگا۔
سعودی عرب نے اپنے ویژن 2030 فریم ورک کے تحت کھیلوں کی ترقی کی ایک پُرعزم حکمت عملی کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت ڈومیسٹک لیگز، انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کے پروگراموں میں بھاری سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
سال 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کے میزبانوں کا باضابطہ اعلان اس ماہ متوقع ہے، اور سعودی عرب دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔