’چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد پر اصولی مؤقف دل کی آواز‘، محسن نقوی کی وزیراعظم سے ملاقات

اردو نیوز  |  Dec 08, 2024

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

اتوار کی صبح وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم کو آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

پرائم منسٹر آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چیمپیئنز ٹرافی سے متعلق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہا اور چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ’چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق آپ کا موقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔‘

بیان کے مطابق وزیراعظم نے محسن نقوی سے کہا کہ ’آئی سی سی میں آپ نے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی۔ پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور اس کے بعد کچھ اور ہے۔‘

کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے وزیراعظم کو بتایا کہ پی سی بی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More