بارڈر گواسکر ٹرافی کا دوسرا ٹیسٹ: محمد سراج دو دن سے توجہ کا مرکز کیوں؟

اردو نیوز  |  Dec 08, 2024

آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان جاری بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام پر انڈیا کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 29 رنز درکار ہیں۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے اس ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر انڈیا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔

انڈیا کی جانب سے رشبھ پنت 28 اور نتیش کمار ریڈی 15 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کی طرف سے دوسری اننگز میں سکاٹ بولینڈ اور پیٹ کمنز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 337 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔

میچ کا دوسرا دن جہاں اپنے ہائی وولٹیج ایکشن کے باعث دلچسی سے بھرپور رہا وہیں ٹریوس ہیڈ اور محمد سراج کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی اور گرما گرمی نے بھی خوب توجہ حاصل کی۔

ہوا کچھ یوں یہ 82 ویں اوور کی پہلی گیند پر ٹریوس ہیڈ نے محمد سراج کو چوکا مارا جس کے بعد دوسری گیند ڈاٹ بال رہی۔

اِسی اوور کی تیسری گیند پر ٹریوس ہیڈ نے سراج کو چھکا رسید کر دیا جس کے بعد اگلی ہی گیند پر سراج کی عمدہ گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

آؤٹ ہونے کے بعد محمد سراج اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان لفظی جنگ ہوئی جس کے بعد فاسٹ بولر نے غصے سے بیٹر کو پویلین واپس جانے کے اشارے کیے۔

اس تکرار کے بعد آسٹریلوی تماشائیوں نے سراج پر بوٹنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں فاسٹ بولر کی ہر گیند پر سٹیڈیم میں خوب شور مچتا رہا۔ 

ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر انڈیا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)اس کے علاوہ محمد سراج میچ کے پہلے دن ہی سے سوشل میڈیا پر موضوع بحث ہیں۔

محمد سراج کے ساتھ میچ میں انوکھا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب انہوں نے ٹیسٹ کے پہلے دن مارنس لبوشین کو گیند کروائی جسے سپیڈو میٹر نے 181.6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی گیند بتایا۔

سکرین پر گیند کی سپیڈ 181.6 کلومیٹر فی گھنٹہ آنے کے بعد شائقین میں تشویش دوڑ گئی کہ کیا آیا سراج نے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا تیز ترین گیند کروانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے؟

تاہم بعد میں علم ہوا کہ یہ ایک تکینیکی خرابی تھی اور محمد سراج کی گیند 181.6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی سپیڈ کی نہیں تھی۔

اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کرکٹ حلقوں کے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

انکت راوٹ لکھتے ہیں کہ ’شعیب اختر، بریٹ لی اور شاؤن ٹیٹ ڈی ایس پی سراج کو 181.6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرواتے ہوئے دیکھتے ہوئے۔‘ 

شیخ دانش نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’ورلڈ ریکارڈ، ڈی ایس پی سراج 181 کلومیٹر۔‘ 

کرک اِنفو نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’6 بج کر 51 منٹ پر اس بارڈر گواسکر ٹرافی کو اُس کا خاص لمحہ مل گیا۔ یہ سیریز اب آگے چل کر بالکل ہی مختلف روپ دھار لے گی۔‘ 

ایکس ہینڈل فرضی کرکٹر لکھتے ہیں کہ ’ایڈیلیڈ کے کراؤڈ کو سراج واقعی ہی نہیں پسند، افسوس ہے کہ ہم اس میچ میں اچھی طرح نہیں کھیل سکے ورنہ میچ میں بہت مزہ آتا۔‘ 

لِیشا اپنی پوسٹ میں لکھتی ہیں کہ ’ہمیں اس غصے کی ضرورت ہے۔ اپنا حوصلہ اسی طرح بلند رکھو سراج۔‘ 

ٹرول اکاؤنٹ سارکیسم نے لکھا کہ ’ڈی ایس پی سراج کا ٹریوس ہیڈ کے لیے ری ایکشن سنیما سے بہتر ہے۔‘ 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More