ملک میں کب سے شدید سردی پڑے گی؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

سچ ٹی وی  |  Dec 06, 2024

پاکستان میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے ملک میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔

جمعے کو جاری کی گئی ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 7 دسمبر سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 8 سے 14 دسمبر کے دوران سردی کی شدید لہر آنے کا امکان ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری معمول سے کم ہو گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں کہرا پڑنے کا امکان ہے جبکہ چترال، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

 

7 اور 8 دسمبر کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو موسم کی صورتحال کے باعث اپنے معمولات ترتیب دینے اور سیاحوں کو بھی غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More