اس عادت نے ارب پتی بنا دیا۔۔ بل گیٹس تنہائی میں وہ کیا کام کرتے تھے جس نے ان کی زندگی بدل ڈالی؟ نئی نسل کے لئے پیغام

ہماری ویب  |  Dec 06, 2024

"جب میں زندگی میں بیزار یا تھکاوٹ کا شکار ہوتا، یا لوگوں کے رویے سے مشکلات پیش آتیں، تو میں اپنے کمرے میں بند ہو کر گھنٹوں کتابوں اور آئیڈیاز میں گم ہو جاتا۔ فارغ وقت کو گہری سوچ اور سیکھنے کے لیے استعمال کرنے کی عادت نے مجھے وہ بنایا جو آج ہوں۔ یہ میری کامیابی کا سب سے اہم راز ہے۔"

دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار کیے جانے والے بل گیٹس کا ماننا ہے کہ موجودہ دور کی ڈیجیٹل زندگی شاید ان کی کامیابی کے سفر کو ناممکن بنا دیتی۔ اسمارٹ فونز اور سوشل میڈیا نے بچوں کو نہ صرف ان کی راہ سے بھٹکایا ہے بلکہ تخلیقی صلاحیتوں پر بھی منفی اثرات ڈالے ہیں۔

اپنے بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے انکشاف کیا کہ اگر ان کے بچپن کا فارغ وقت اسکرینز کے پیچھے گزرتا تو وہ کبھی مائیکرو سافٹ جیسی 3 ہزار ارب ڈالر کی کمپنی کی بنیاد نہ رکھ پاتے۔

کامیابی کا راز: تنہائی میں گہرائی سے سوچنا

بل گیٹس کا کہنا ہے کہ بچپن میں کتابوں سے محبت اور تنہائی میں خیالات پر غور و فکر ان کی زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ تھا۔ "بچپن میں ہم دوستوں کے ساتھ وقت گزارتے، باہر دنیا کا مشاہدہ کرتے اور جب زندگی میں مشکلات آتیں، تو میں اپنے خیالات میں ڈوب کر ان کا حل نکالتا۔"

اسمارٹ فونز اور سوشل میڈیا کی دھند میں تخلیقی ذہن کیسے گم ہو رہے ہیں؟

بل گیٹس نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ موجودہ نسل کی تخلیقی صلاحیتیں اسمارٹ فونز اور سوشل میڈیا کے بے جا استعمال کی وجہ سے دب رہی ہیں۔ "ہماری توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت مسلز کی طرح ہے، لیکن اسکرینز کے باعث یہ دن بدن کمزور ہو رہی ہے۔"

انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ بچوں کو جسمانی کھیل کود اور مطالعے کی طرف راغب کریں، تاکہ ان کی تخلیقی صلاحیتیں پروان چڑھ سکیں۔

پڑھنے کی عادت کا جادو

بل گیٹس نے کتاب The Anxious Generation پڑھنے کی سفارش کی، جو اسمارٹ فونز اور سوشل میڈیا کے بچوں پر اثرات پر مبنی ہے۔ ان کے مطابق یہ کتاب اس بات کی وضاحت کرتی ہے کہ جسمانی کھیل اور آزاد سوچ کس طرح تخلیقی صلاحیتوں کو مضبوط بناتے ہیں۔

گیٹس کا پیغام: کامیابی کے لیے گہری سوچ ضروری ہے

بل گیٹس نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی سیکھ یہ بتائی کہ فارغ وقت کو سوچنے اور سیکھنے میں لگانے سے وہ کامیابی کی بلندیوں تک پہنچے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج کی نسل اگر سکرینز سے دور ہو کر تخلیقی انداز میں سوچے تو بڑے خواب پورے کر سکتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More