انڈیا کے سٹار کرکٹر وراٹ کوہلی کی ایک پوسٹ نے ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو تذبذب میں ڈال دیا ہے۔
بدھ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وراٹ کوہلی نے ایک ایسی پوسٹ شیئر کی جس کو ’طلاق‘ کی خبروں سے مماثلت دی جانے لگی۔
وراٹ کوہلی کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا گیا تھا ’پیچھے دیکھیں تو ہم ہمیشہ مختلف تھے، ہم کسی سانچے میں نہیں ڈھلے جس میں ہمیں ڈھالنا چاہا گیا، دو غلط لوگ جو ایک ہو گئے۔‘
اس طویل پوسٹ میں بظاہر دنیا کی پروا کیے بغیر غلط ہوتے ہوئے بھی، اتار چڑھاؤ کا سامنا کرتے ہوئے بھی زندگی میں آگے بڑھنے کی بات کی جا رہی ہے۔
حال ہی میں انڈین گلوکار اور کمپوزر اے آر رحمان کی اہلیہ سے علیحدگی کی خبر کا دنیا بھر میں چرچا ہے اور اس دوران کوہلی کی جانب سے کی جانے والی پوسٹ نے ان کے مداحوں کو تجسس کا شکار کر دیا ہے۔
حبیب اللہ نامی صارف نے پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا ’یہ پوسٹ اس طریقے سے کیوں کی گئی ہے جس طرح لوگ اپنی طلاق کا اعلان کرتے ہیں۔‘
گاروو نے لکھا ’بھائی میں تو پورا پڑھنے سے ہی ڈر رہا تھا۔‘
روہت نے کہا ’مجھے لگا اے آر رحمان کی طرح کچھ ہو گیا ہے۔‘
دویندر نے لکھا ’بھائی ایسے سفید بیک گراؤنڈ کے ساتھ پوسٹ مت شیئر کریں، ایسے لگ رہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کا اعلان ہونے لگا ہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’مجھے تو مِنی ہارٹ اٹیک آ گیا۔‘
ریتیکا نے لکھا ’سر مہربانی کر کے اس طریقے سے پوسٹ نہ کیا کریں۔‘
حال ہی میں وراٹ کوہلی کی اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے ساتھ مستقل طور پر لندن منتقل ہونے کی افواہ سامنے آئی تھی جس کے بعد کرکٹ میں کوہلی کے مستقبل پر ان کے مداح فکرمند تھے۔
انوشکا شرما نے اپنے دوسرے بچے کو لندن میں جنم دیا تھا جس کے بعد جوڑے نے اپنی چھٹیاں برطانیہ میں ہی گزاری تھیں۔