ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن مائیک ٹائسن اور سوشل میڈیا کی معروف شخصیت جیک پال کے درمیان فیصلہ کن میچ آج جمعے کو نیٹ فلکس پر دکھایا جائے گا۔بین الاقوامی سطح پر دلچسپی کا حامل یہ میچ دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا جب 58 سالہ مائیک ٹائسن اور 27 سالہ جیک پال مدمقابل ہوں گے۔یوٹیوب سے شہرت حاصل کرنے والے جیک پال نے 2018 میں باکسنگ کی دنیا میں قدم رکھا۔باکسنگ کا یہ میچ نیٹ فلکس کے 28 کروڑ سبسکرائبر بغیر اضافی فیس ادا کیے دیکھ سکیں گے۔ عام طور پر باکسنگ کے میچز امریکی چینل ایچ بی او پر نشر ہوتے رہے ہیں تاہم اس مرتبہ نیٹ فلکس پر دکھایا جانا ایک خوشگوار تبدیلی تصور کیا جا رہا ہے۔امریکی شہر سان فرانسسکو سے تعلق رکھنے والے مارکیٹنگ ماہر بوب ڈورفمن کا کہنا ہے کہ سپورٹس کی نشریات اب سٹریمنگ سروس پر منتقل کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔باکسنگ میچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’یہ دو بہت بڑی شخصیات ہیں اور یہ میچ سٹریم کیا جانے والا سب سے بڑا سپورٹس ایونٹ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔‘ سال 2018 میں ٹیلی ویژن نیٹ ورک ایچ بی او نے اعلان کیا تھا کہ وہ باکسنگ کے لائیو میچز دکھانے کی روایت ختم کر رہا ہے جس کے بعد سپورٹس کی نشریات میں ایک بہت بڑا خلا پیدا ہو گیا تھا۔مائیک ٹائسن اور جیک پال کے درمیان باکسنگ میچ ریاست ٹیکساس کے آرلنگٹن سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں 80 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔نیٹ فلکس پر پہلی مرتبہ کوئی باکسنگ میچ لائیو دکھایا جائے گا اور جس کے نشریاتی حقوق صرف سٹریمنگ سروس کے پاس ہی ہیں۔میچ کی نشریات کے دوران روایت کے برعکس اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے بلکہ سپانسرز کے پیغامات لائیو ایونٹ کے دوران ہی چلائے جائیں گے۔