کراچی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے باعث کیماڑی کے بعد کورنگی میں بھی عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں تین نشستوں پر کل انتخابات ہوں گے اور ووٹرز کی آسانی کے لیے چھٹی دی گئی ہے۔
اسی طرح یونین کمیٹی 5 یوسف گوٹھ، منگھوپیر ٹاؤن میں بھی کل عام تعطیل ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر ضلع غربی اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے بھی ووٹرز کو سہولت دینے کی غرض سے چھٹی کا نوٹس جاری کیا ہے۔
ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ضلع سینٹرل میں انتخابی سامان کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔ لیاقت آباد ٹاؤن یوسی 7 میں چیئرمین کی نشست جبکہ گلبرگ ٹاؤن یوسی 5 میں وائس چیئرمین کی نشست کے لیے ووٹنگ ہو گی۔
کراچی بھر میں مجموعی طور پر 10 نشستوں پر انتخابات ہونے جا رہے ہیں جن میں ضلع ملیر، کورنگی، ضلع جنوبی، ضلع غربی، ضلع کیماڑی اور ضلع وسطی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق چار چیئرمین، دو وائس چیئرمین اور چار وارڈ کونسلرز کی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ 167 پولنگ اسٹیشنز میں سے 136 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان حساس مقامات پر سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں، جہاں سی سی ٹی وی کیمرے اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔