’ٹائم ٹو ریٹرن‘، سپرہیرو شکتی مان نے واپسی کے لیے اڑان بھر لی

اردو نیوز  |  Nov 11, 2024

90 کی دہائی میں بچوں کے پسندیدہ سپرہیرو ’شکتی مان‘ نے واپسی کے لیے اڑان بھر لی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اداکار مکیش کھنہ، جنہوں نے اوریجنل سیریز میں سپر ہیرو کا کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر سیریز کا ٹیزر جاری کیا اور ساتھ لکھا کہ ’اِٹس ٹائم فار ہِم ٹو ریٹرن‘

90 کی دہائی کا یہ ہیرو ہواؤں میں اڑ سکتا تھا اور مجرموں کا پیچھا کرتے ہوئے انہیں پکڑتا تھا۔

کچھ عرصہ پیشتر شکتی مان کے نام سے فلم بنانے کا اعلان بھی ہوا تھا تاہم بعدازاں اس پر کچھ زیادہ پیشرفت دکھائی نہیں دی اور اب تک اس کے حوالے سے کوئی اپ ڈیٹ نہیں ہے۔

جس پر فینز کسی حد تک مایوسی کا شکار ہوئے تھے تاہم اب اس سیریز کو پھر سے بنائے جانے پر وہ خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

جس کا اظہار انہوں نے مکیش کھنہ کی جانب سے ٹیزز شیئر کیے جانے کے بعد کمنٹس کی شکل میں کیا اور ٹیزر کو آگے شیئر کیا۔

اداکار نے ایک شارٹ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ ’انڈیا کا پہلا سپر ٹیچر اور سپر ہیرو، آج جبکہ جب اندھیرے اور برائی بچوں پر غالب آ رہی ہے تو یہ اس کے واپس لوٹنے کا وقت ہے۔ وہ ایک پیغام کے ساتھ واپس آ رہا ہے۔ وہ کچھ سکھانے بھی آ رہا ہے۔‘

انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسے دونوں ہاتھوں سے خوش آمدید کہیں اور فی الوقت اس کا ٹیزر دیکھیں۔‘

اس شارٹ کلپ میں شکتی مان کو ہوا میں چکر لگاتے اور ایک سکول میں اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

 شکنی مان انڈین ٹی وی انڈسٹری کی ایک مشہور سیریل رہی ہے جو مسلسل ایک دہائی تک نشر ہوئی، اس کے پروڈیوسر مکیشن کھنہ تھے اور یہ کردار بھی انہوں نے ہی نبھایا تھا۔

اس سیریز کا عام کردار بھی انہوں نے ہی ادا کیا تھا جس میں وہ ایک اخبار میں کام کرتے ہیں اور مشکل صورت حال میں شکتی مان بن کر لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔

شکتی مان کو ایک ایسے انسان کے طور پر دکھایا گیا جو بہت سی روحانی طاقتیں رکھتا ہے اور برائی کے خلاف لڑتا ہے۔

اس سیریز کو اینی میٹڈ شکل میں بھی نشر کیا جا چکا ہے۔

یہ سیریز اس قدر مقبول ہوئی کہ کسی طاقتور شخص کو دیکھ کر آج تک اسے شکتی مان کہا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More