پاکستان کے محمد آصف آئی بی ایس ایف مینز کے عالمی سنوکر مقابلوں میں شاندار جیت حاصل کر کے تیسری مرتبہ عالمی سنوکر چیمپیئن بن گئے ہیں۔
پاکستان کی سرکاری نیوز نیوز سروس اے پی پی کے مطابق بدھ کو دوحہ میں کھیلے گئے فائنل میں محمد آصف نے ایران کے علی قرہگوزلو کو 3-5 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
محمد آصف نے ایران کے کھلاڑی کو (70-25، 7-87(84)، 82(56)-8، 106(106)-08، 82-12، 43-91(58)، 0-118، 93(80)-4) سکور سے شکست دی۔
قطر میں ہونے والے 9 فریمز پر مشتمل فائنل میں محمد آصف نے اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے حریف کھلاڑی کو بے بس کر دیا۔
محمد آصف نے اس فتح کے ساتھ ہی انڈیا کے پنکج ایڈوانی کا تین مرتبہ کا عالمی ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔
پاکستانی کیوئسٹ نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 سنچری بریک کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ انہوں نے قبرص کے کھلاڑی مائیکل جورجیو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ محمد آصف نے پہلی مرتبہ 2012 میں آئی بی ایس ایف عالمی سنوکر چیمپئن شپ جیتی تھی جبکہ وہ 2019 میں دوسری دفعہ عالمی سنوکر چیمپیئن بنے تھے۔
قبل ازیں عالمی چیمپیئن شپ میں محمد آصف نے متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی محمد شہاب کو 1-4 سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔
دریں اثناء پاکستان سنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ اور دیگر عہدیداران نے محمد آصف کو شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی ہے اور اسے پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز قرار دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی طرح مسلسل تیسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے والے محمد آصف کو بھی پذیرائی ملے گی اور ان کو انعامات سے نوازا جائے گا۔