انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس کے گھر چوری کے شبے میں ایک شخص گرفتار

اردو نیوز  |  Nov 03, 2024

انگلینڈ کی پولیس نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کپتان بین سٹوکس کے پاکستان کے دورے کے دوران ان کے گھر چوری ہونے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بین سٹوکس نے کہا کہ ان کی اہلیہ اور دو بچے شمال مشرقی انگلینڈ کی کاؤنٹی ڈرہم میں گھر پر تھے جب 17 اکتوبر کی شام کو ’نقاب پوش‘ چوروں نے توڑ پھوڑ کی اور قیمتی سامان لے گئے۔

ڈرہم پولیس نے بتایا کہ ایک 32 سالہ شخص کو چوری کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔

جب یہ واقعہ پیش آیا تو سٹوکس ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ چوری ہونے والی اشیا میں ایک تمغہ بھی شامل ہے جو انہیں انگلینڈ کو ورلڈ کپ جتوانے کی وجہ 2020 کے نئے سال کی اعزازی فہرست میں ملا تھا۔

اپنے ذاتی ایکس اکاؤنٹ پر چوری کی وضاحت کرتے ہوئے سٹوکس نے اپنے گھر سے لی گئی چیزوں کی تصاویر پوسٹ کیں جن میں کرسچن ڈائر ہینڈ بیگ، انگلینڈ کرکٹ کا بیج، سونے کی انگوٹھی اور بریسلیٹ شامل تھے۔

انہوں نے لکھا کہ ’اس جرم کے بارے میں اب تک کی سب سے بری بات یہ ہے کہ یہ اس وقت کیا گیا جب میری بیوی اور دو چھوٹے بچے گھر میں تھے۔‘

’شکر ہے میرے خاندان میں سے کسی کو بھی کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔ تاہم، اس تجربے کا اثر ان کی جذباتی اور ذہنی حالت پر پڑا ہے۔‘

بین سٹوکس نے کہا کہ ’ہم صرف اس کے بارے میں سوچ سکتے ہیں کہ یہ صورتحال کتنی خراب ہوسکتی تھی۔‘

انگلینڈ کو پاکستان میں ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More