ہانگ کانگ میں ہونے والے سپر سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے انڈیا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
جمعے کو ہانگ کانگ کے کولوُن کرکٹ کلب میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے 120 رنز کا ہدف 5 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا۔
میچ کے آغاز میں پاکستان کے کپتان فہیم اشرف نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے۔ بھارت چِپلی 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان روبن اتھپا نے 31، منوج تیواری نے 17، کیدھار یادو نے 8 اور سٹؤرٹ بینی نے 4 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فہیم اشرف نے انڈیا کے دو کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی۔
انڈیا کی جانب سے 120 رنز کا مقرر کردہ ہدف پاکستان نے ایک اوور پہلے ہی بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا۔
پاکستان کے آصف علی نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور میچ سے ریٹائر ہوئے۔
دوسری جانب محمد اخلاق نے 40 اور فہیم اشرف نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس میچ کے بعد پاکستان نے اپنی دونوں پول گیمز میں فتح حاصل کرکے ناک آؤٹ راؤنڈ تک رسائی حاصل کر لی ہے جبکہ انڈیا کو اگلے راؤنڈ میں جانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی ٹیم سے جیتنا ہوگا۔
سپر سکسز ٹورنامنٹ ہے کیا؟
ویب سئٹ کرکٹ ڈاٹ کوم کے مطابق ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ پہلے باضابطہ ٹی20 میچ سے 13 سال پہلے شروع ہوا تھا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم جس نے تاحال کوئی آئی سی سی ٹرافی نہیں جیتی، نے یہ ٹورنامنٹ اب تک 5 مرتبہ جیتا ہے۔
سپر سکسز میں دونوں ٹیمز میں بشمول وکٹ کیپر 6 کھلاڑی ہوتے ہیں۔ سال 2024 کے ایڈیشن کی ایک اننگز میں 6 اوور ہیں جن میں ایک بولر 2 اوور کروا سکتا ہے جبکہ باقی آؤٹ فیلڈرز ایک، ایک اوورز کروا سکتے ہیں۔
اس فارمیٹ میں وائڈ اور نو بالز پر 2 رنز دیے جاتے ہیں۔
ساتھ ہی ساتھ اگر کوئی بیٹر 50 رنز بنا لیتا ہے تو اسے ریٹائر ہونا پڑتا ہے اور اگلے کھلاڑی کو بیٹنگ دی جاتی ہے۔ اگر اگلے تمام بیٹرز آؤٹ ہو جاتے ہیں تو وہ کھلاڑی دوبارہ اننگز کا آغاز کر سکتا ہے۔
کریز پر اگر کوئی آخری کھلاڑی بھی ناٹ آؤٹ رہ جاتا ہے تو اننگز ختم نہیں ہوتی بلکہ وہ کھلاڑی رنر کا استعمال کر سکتا ہے مگر سٹرائک اس کے پاس ہی موجود رہتی ہے۔
سپر سکسز ٹورنامنٹ 2024 میں پاکستان، انڈیا، جنوبی افریقہ، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، یو اے ای، انگلینڈ، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور اومان حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان کے سکواڈ میں کپتان فہیم اشرف، محمد اخلاق، آصف علی، دانش عزیز، حسین طلعت، عامر یامین اور شہاب خان شامل ہیں۔
پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ کے پول سی میں شامل ہے اور ان کے ساتھ انڈیا اور یو اے ای بھی اس پول کا حصی ہیں۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنل کھیلیں گی۔
پاکستان اپنے پہلے دو میچ یو اے ای اور انڈیا کے خلاف جیت کر کوارٹر فائنل میں پہنچ چکا ہے۔
ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل دو نومبر کو جبکہ سیمی فائنل اور فائنل تین نومبر کو ہوں گے۔
سپر سکس ٹورنامنٹ کا آغاز سنہ 1993 میں ہوا تھا اور آخری ایڈیشن 2017 میں کھیلا گیا تھا۔ تاہم طویل سالوں کے انتظار کے بعد یہ ٹورنامنٹ 2024 میں دوبارہ شروع ہوا ہے۔
واضح رہے ٹینڈولکر سے لے کر ڈیوڈ وارنر جیسے لیجنڈ کرکٹرز بھی ماضی میں سپر سکسز ٹورنامنٹ کا حصہ رہ چکے ہیں۔