پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ اور پلے بیک سنگر سارہ رضا خان ایک دوسرے کے خلاف بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہیں۔
حال ہی میں سارہ رضا خان ایک کامیڈی شو میں شریک ہوئی تھیں جہاں انہوں نے آئمہ بیگ کی گلوکاری پر ایسا بیان دیا جس سے انٹرنیٹ پر کافی بحث چھڑی ہوئی ہے۔
سارہ رضا خان سے گلوکاروں کے آٹو ٹیون استعمال کرنے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے آئمہ بیگ کو ان گلوکاروں کی فہرست سے نکال دیا جنہیں آٹو ٹیون استعمال کرنا پڑے گا۔
سارہ نے جواب میں کہا کہ ’اگر آٹو ٹیون کو ہٹا دیا جائے تو آئمہ بیگ بالکل بھی گلوکارہ نہیں ہیں۔‘
اس انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس کے بعد آئمہ بیگ کے مداح اور دوست ان کے حق میں پوسٹس کرنے لگے اور آئمہ ان پوسٹس کو اپنی انسٹاگرام سٹوریز پر شیئر کرتی نظر آئیں۔
ایک پوسٹ میں لکھا گیا ’اگر آپ کو لگتا ہے کہ آئمہ بیگ اچھی گلوکارہ نہیں ہیں تو آپ کو اپنے کان چیک کروانے کی ضرورت ہے۔‘
دوسری سٹوری میں آئمہ نے آٹو ٹیون کے بغیر گانا گاتے ہوئے کی ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ ’مہربانی کر کے کیا مجھے یہاں کوئی آٹو ٹیونر مہیا کر سکتا ہے؟‘
ایک اور پوسٹ کے ردعمل میں آئمہ نے لکھا کہ ’اللہ نے جس کو جتنا ٹیلنٹ دیا ہمیں قبول ہے، باقی مجھے کوئی بتا دے یہ آنٹی صاحبہ کون ہیں؟ بلکہ چھوڑیں، میں تو اپنی چھٹیاں انجوائے کروں۔‘
جہاں سوشل میڈیا پر مداح آئمہ کے حق میں پوسٹس کر رہے ہیں وہیں سارہ رضا کی جانب سے مزید کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
تمغہ فخر امتیاز حاصل کرنے والی آئمہ بیگ نے اپنے کیریئر کا آغاز 2016 میں کیا تھا جس کے بعد انہوں نے مختلف پاکستانی فلموں، ڈراموں کے لیے گانے بھی گائے اور ملک کی سب سے مشہور پلے بیک گلوکاروں میں سے ایک بن گئیں۔
وہ عاصم اظہر، علی ظفر، علی سیٹھی، اور ساحر علی بگا جیسے معروف موسیقاروں کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں۔