سعودی عرب کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان

سچ ٹی وی  |  Oct 30, 2024

سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ حالیہ دورہ پاکستان میں 27مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن کےتحت 2.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پراتفاق ہوا تاہم اب ان مفاہمتی یادداشتوں کی تعداد بڑھ کر 34 ہوچکی ہے اور سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے مزید کہاکہ پاکستان کے ساتھ طے پانے والی 5 مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے اور ان کے لیے سرمایہ بھی فراہم کیا جاچکا ہے، یہ منصوبے پاک سعودی اقدار میں اضافے کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان میں سے کچھ معاہدوں کے نتیجے میں پاکستان سے برآمدات ہوئی ہیں اور ایک سعودی سرمایہ کار نے پہلے ہی ایک مربوط میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے زمین حاصل کر لی ہے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف اور ان کے وفد کی میزبانی اعزاز کی بات ہے، شہبازشریف کی ولی عہد محمد بن سلمان سے مفید ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ہی عملدر آمد شروع کردیا، سعودی ولی عہد کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، مالی معاملات میں پاکستان سے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ فیوچر انویسٹمنٹ اینیشیٹو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے، سعودی ولی عہد سے ملاقات میں اس بات کا اعادہ ہوا کہ وہ پاکستان اور پاکستانی عوام کیلیے بہت فکر مند ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ آئی ایم ایف پروگرام کے حصول میں انتہائی قیمتی تعاون کرنے پر ولی عہد کا شکریہ اداکیا جس کے بغیر ہم آئی ایم ایف پروگرام حاصل نہیں کرسکتے تھے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ امید ہے کہ یہ ہمارا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہے اور اس کے بعد پاکستان سخت محنت اور برادر ملک سعودی عرب کا ہاتھ تھام کر معاشی ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ ہفتے قبل اسلام آباد میں طے پانے والے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل کچھ منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے کہ وہ آئندہ ماہ کے وسط میں دوبارہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس میں دونوں ملکوں کے لیے انتہائی مفید معاہدوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے 25 لاکھ پاکستانیوں کی شاندار میزبانی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انشااللہ پاکستان سعودی عرب کے لیے مزید ہنر مند تیار کریں گے جو سعودی عرب کے ترقیاتی پروگرام میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More