ارشد ندیم نے اولمپکس گولڈ میڈل جیت کر پورے ملک کا سر اس وقت فخر سے بلند کیا جب پاکستان ہر میدان میں بڑے دھچکوں سے گزر رہا تھا، ان کی کامیابی ہر کسی کے لیئے خوشی اور مسرت کا باعث بنی۔
ارشد بہت چھوٹی عمر سے ہی جیولن تھرو کے میدان میں ہیں اور انہوں نے ہر بار بہتر سے بہتر بننے کی کوشش کی اور اس سال پیرس اولمپکس 2024 میں عالمی ریکارڈ توڑ کر اپنا لوہا دنیا بھر میں منوا لیا۔
قومی ہیرو ارشد ندیم نے حال ہی میں تابش ہاشمی کے شو میں اپنے اسٹار کوچ سلمان بٹ کے ساتھ شرکت، جہاں ناظرین نے ان سے طرح طرح کے سوال کئے۔
جیسا کہ سب جانتے ہیں پیرس سے واپس آنے کے بعد ارشد ندیم کا زبردست استقبال ہوا اور سب نے ان کے لیے بہت سارے انعامات کا اعلان کیا۔ وفاقی حکومت سے لے کر پنجاب و سندھ حکومت تک تمام وزراء نے ارشد کے لیے کروڑوں روپے کا اعلان کیا۔
شو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ، کیا ان کو وہ تمام انعامی رقم اور تحائف مل چکے ہیں جن کا اعلان کیا گیا تھا؟
جس پر ارشد نے سچ بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ، "حکومتوں نے اس بار ان کی تمام انعامی رقم ادا کر دی ہے، انہیں وہ سب کچھ ملا جس کا اعلان ہوا تھا۔ کچھ پرائیویٹ مالکان بھی انعام بھیج چکے ہیں جبکہ دیگر ابھی زیر التواء ہیں۔ وہ اپنی کامیابی کے لیے ملنے والی تمام محبتوں اور انعامات کے لیے شکر گزار ہے۔"