ایمرجنگ ایشیا کپ سیمی فائنل: پاکستان شاہینز کو شکست دے کر سری لنکا فائنل میں پہنچ گیا

سچ ٹی وی  |  Oct 25, 2024

اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے پاکستان شاہینز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

جمعہ کے روز کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔

جواب میں سری لنکا اے نے 16.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

پاکستان شاہینز کی اننگز کی خاص بات عمیر بن یوسف کی عمدہ بیٹنگ تھی جنہوں نے اوپنر کی حیثیت سے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 46 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 68 رنز اسکور کیے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ یاسر خان 2، کپتان محمد حارث 6، قاسم اکرم صفر، حیدر علی 14 اور عرفات منہاس 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ عبدالصمد کوئی رن نہ بناسکے۔

سری لنکا اے کی طرف سے لیگ اسپنر دوشن ہیمانتھا نے 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رانسیکا اور مالنگا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا اے کی اننگز میں لاہیرو اودارا نےجارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 43 رنز اسکور کیے۔

انہوں نے اہان وکرما سنگھے کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 64 رنز کا اضافہ کیا۔

وکرما سنگھے 52 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More