ایران پر ممکنہ اسرائیلی حملے کے منصوبے سے متعلق لیک ہونے والی امریکی خفیہ دستاویزات میں کیا کہا گیا ہے؟

بی بی سی اردو  |  Oct 21, 2024

Getty Images

جمعے کو ایک ٹیلی گرام چینل نے ’مڈل ایسٹ سپیکٹیٹر‘ کے ذریعے کچھ مبینہ خفیہ امریکی دستاویزات شائع کی ہیں جن میں امریکہ کی جانب سے ایران پر حملہ کرنے کے اسرائیلی منصوبے کا جائزہ لیا گیا تھا۔ چینل کا دعویٰ ہے کہ یہ دستاویزات امریکی انٹیلیجنس سے وابستہ ایک اہلکار نے انھیں فراہم کی ہیں۔

امریکی ایوانِ نمائندگان کے سپیکر مائیک جانسن نے کہا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ یہ خفیہ امریکی دستاویزات کیسے لیک ہوئیں۔

’سی این این‘ سے بات کرتے ہوئے مائیک جانسن نے کہا ہے کہ انھیں اس بارے میں بریفنگ دی گئی ہے جس کی تفصیلات وہ فی الحال شییر نہیں کر سکتے، تاہم انھوں نے تصدیق کی ہے کہ اس ضمن میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

سی این این کے مطابق ایک اور نامعلوم امریکی اہلکار نے اُن سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِن دستاویزات کا لیک ہونا ’انتہائی پریشان کُن‘ ہے۔

اس سے قبل خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے تین نامعلوم امریکی اہلکاروں کا حوالے سے بتایا تھا کہ امریکہ اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ ایران پر ممکنہ اسرائیلی حملے سے متعلق واشنگٹن کے جائزے پر مبنی دو خفیہ دستاویزات کیسے لیک ہوئیں۔

ایک امریکی اہلکار نے اے پی کو بتایا کہ یہ دستاویزات اصلی معلوم ہوتی ہیں۔

ان دستاویزات پر ’ٹاپ سیکرٹ‘ لکھا ہے اور تاریخ 15 اور 16 اکتوبر درج ہے۔ مذکورہ ٹیلی گرام چینل تہران سے چلایا جا رہا ہے اور یہ ’مزاحمت کے محور‘ کی خبروں کو کور کرتا ہے۔ ماضی میں اس چینل نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے حوالے سے میمز بھی شائع کی تھیں۔

سیٹلائٹ امیجز کے ذریعے ایران پر حملہ کرنے کی اسرائیلی تیاریوں کے حوالے سے مرتب کردہ یہ جائزہ دستاویزات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ اسرائیل اب بھی اپنے فوجی ساز و سامان کو ایران پر حملے کے لیے نزدیکی اڈوں پر منتقل کر رہا ہے اور اس نے حال ہی میں ایک بڑی فوجی مشق بھی کی ہے۔

Reuters

امریکی سپیس انٹیلیجنس ایجنسی اور امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی جانب سے تیار کردہ یہ دستاویزات ’فائیو آئیز‘ یعنی امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے پانچ ملکی انٹیلیجنس اتحاد کے ساتھ شئیر کی جانی تھیں۔

ٹیلی گرام کے بعد امریکی چینل سی این این نے بھی اس حوالے سے رپورٹ شائع کی۔

امریکہ تحقیقات کر رہا ہے کہ یہ دستاویزات کیسے لیک ہوئیں؟ کیا کسی نے جان بوجھ کر انھیں لیک کیا یا یہ دستاویزات ہیکنگ جیسے دیگر طریقوں سے حاصل کی گئیں۔

ایسے معاملات کی تفتیش عام طور پر امریکن فیڈرل پولیس (ایف بی اے)، وزارت دفاع اور دیگر امریکی سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ تاہم ایف بی آئی نے فی الحال اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

جوہری تنصیبات یا فوجی اہداف: اسرائیل کا ایران پر ممکنہ جوابی حملہ اور اس پر ایرانی ردعمل کیا ہو سکتا ہے؟اسرائیل کی دفاعی امداد روکنے کی دھمکی کیا ٹوٹتے وعدوں پر امریکہ کے غصے کا اظہار ہے؟دریائے نیل سے نہرِ فرات تک پھیلے ’گریٹر اسرائیل‘ کا تصور صرف ’شدت پسندوں کا خواب‘ ہے یا کوئی ٹھوس منصوبہروس کے سوخوئی 35 لڑاکا طیارے جو ایران کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں مشکل بنا سکتے ہیں

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ وہ اِن دستاویزات کے بارے میں شائع ہونے والی رپورٹس سے آگاہ ہے تاہم انھوں نے مزید کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے بھی اے پی کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے اور بی بی سی آزادانہ طور پر بھی ان لیک ہونے والی دستاویزات کی تصدیق نہیں سکتا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان دستاویزات میں سے ایک اس دستاویز سے ملتی جلتی ہے جو تقریباً سات ماہ قبل امریکی سپیس انٹیلیجنس ایجنسی کے ذریعے لیک ہوئی تھی اور امریکی ایئر نیشنل گارڈ کے ایک اہلکار نے اسے لیک کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

ایران کے حالیہ میزائل حملے کے بعد اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ مناسب وقت پر اور اپنے ’قومی مفادات‘ کی بنیاد پر اس کا جواب دے گا۔

Reuters

گذشتہ ہفتے واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی تھی کہ نتن یاہو ایران کی جوہری اور فوجی تنصیبات کے بجائے صرف فوجی مراکز کو نشانہ بنائیں گے۔

اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے بھی حال ہی میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جب اسرائیل کی طرف سے جوابی کارروائی کی جائے گی تو یہ ’باقاعدہ ہدف بنا کر کی جائے گی اور مہلک‘ ہو گی اور یہ بھی کہ ایران اس کا اندازہ نہیں لگا پائے گا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایران پر کسی بھی حملے کو ’ریڈ لائن‘ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تہران اس کا مناسب جواب دے گا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے ترکی کے این ٹی وی چینل کو بتایا کہ اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے میں صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’مگر اب ہم نے اسرائیل میں اپنے تمام اہداف کی نشاندہی کر لی ہے اور ان پر بھی ایسا ہی حملہ کیا جائے گا۔‘

ایران کا کہنا ہے کہ اس کے بیلسٹک میزائل حملے اسرائیل کی طرف سے حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ اور حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کا جواب تھے۔

ایران نے خلیجی عرب ریاستوں کو، جن میں سے بعض کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ہیں، خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی فضائی حدود کو اسرائیل کے ممکنہ جوابی حملے کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔ اس نے یہ بھی کہا ہے کہ جو بھی ملک ایران پر حملہ کرنے میں اسرائیل کی مدد کرے گا اسے کسی بھی ایرانی ردعمل کا ہدف سمجھا جائے گا۔

Getty Images

یاد رہے حماس کے رہنما یحییٰ سنوار ہلاکت کے بعد امریکہ اسرائیل پر زور دے رہا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کی جانب بڑھے۔

امریکہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ لبنان کے شمال میں فوجی کارروائیوں کو مزید وسعت نہ دے اور وسیع تر علاقائی جنگ کا خطرہ مول نہ لے۔ تاہم اسرائیل کی قیادت نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے میزائل حملے کا جواب ضرور دے گا۔

برلن میں صحافیوں کے اس سوال کہ اسرائیل کب اور کیسے ایران کے میزائل حملوں کا جواب دے گا، امریکی صدر بائیڈن نے کہا ’ہاں‘ مگر انھوں نے مزید وضاحت نہیں کی۔

بی بی سی کے نامہ نگار برائے سکیورٹی امور فرینک گارڈنر کا کہنا ہے کہ امریکہ میں صدارتی انتخاب میں چار ہفتوں سے بھی کم وقت بچا ہے اور ایسی صورتحال میں وائٹ ہاؤس ایرانی تیل کی تنصیبات پر کسی بھی ایسے حملے کا خیرمقدم نہیں کرے گا جس کا اثر تیل کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے اور نہ ہی وہ مشرق وسطیٰ کی ایک اور جنگ میں گھسیٹا جانا چاہے گا۔

یاد رہے ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر تقریباً 200 بیلسٹک میزائل داغے تھے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ان میں سے زیادہ تر فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا۔

اس سے قبل رواں سال اپریل میں شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصلیٹ پر اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے اسرائیل کی جانب ڈرونز اور میزائل داغے تھے۔

جوہری تنصیبات یا فوجی اہداف: اسرائیل کا ایران پر ممکنہ جوابی حملہ اور اس پر ایرانی ردعمل کیا ہو سکتا ہے؟دریائے نیل سے نہرِ فرات تک پھیلے ’گریٹر اسرائیل‘ کا تصور صرف ’شدت پسندوں کا خواب‘ ہے یا کوئی ٹھوس منصوبہروس کے سوخوئی 35 لڑاکا طیارے جو ایران کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں مشکل بنا سکتے ہیںاسرائیل کی دفاعی امداد روکنے کی دھمکی کیا ٹوٹتے وعدوں پر امریکہ کے غصے کا اظہار ہے؟حزب اللہ کے ’سست رفتار ڈرون‘ جو اسرائیلی دفاعی نظام کے لیے ’جان لیوا سردرد‘ بن چکے ہیں’اسرائیل کے دفاع‘ کے لیے بھیجا جانے والا امریکی تھاڈ میزائل ڈیفینس سسٹم کیا ہے اور کیسے کام کرتا ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More