لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنے کی قراداد منظور کر لی

اردو نیوز  |  Oct 19, 2024

انڈیا کے زیرانتظام جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منہوج سنہا نے جموں کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنے کی وزیراعلٰی اور ان کی کابینہ کی قراداد منظور کر لی ہے۔

سنیچر کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی نو منتخب کابینہ نے وزیراعلٰی عمر عبد اللہ کی سربراہی میں ایک قراداد منظور کی جس میں جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے اخبار ’کشمیر آبزرور‘ کے مطابق حکومت کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کابینہ نے وزیراعٰلی کی سربراہی میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں  مرکز کو مطالبہ کیا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کی پہلے والی اصل ریاستی حیثیت بحال کی جائے۔‘

حکومتی ترجمان نے مزید کہا ہے کہ ’ریاستی درجے کی بحالی کا عمل کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے عمل کا آغاز ہو گا، اس میں جموں و کشمیر کے عوام کے آئینی حقوق کی بحالی اور ان کی شناخت کا تحفظ شامل ہو گا۔‘

ترجمان کے مطابق کابینہ نے وزیراعلٰی کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی اور حکومتِ انڈیا کے سامنے ریاست کا درجہ بحال کرنے کے معاملے کو اٹھائیں۔

اس سلسلے میں آئندہ چنس روز میں وزیراعلٰی عمر عبداللہ اور ان کے کابینہ کے ارکان کی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات بھی متوقع ہے۔

اس سلسلے میں چار نومبر کو کابینہ نے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انڈیا کے زیرانتظام جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کو بھی اسمبلی سے خطاب کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پانچ اگست 2019 کو انڈیا نے اپنے آئین سے آرٹیکل 370-35 اے کو ختم کرتے ہوئے متنازع ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More