اسرائیلی ڈرون ویڈیو میں حماس کے رہنما سنوار کی زندگی کے آخری لمحات فلمبند

اردو نیوز  |  Oct 18, 2024

اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ حماس کے مارے جانے والے رہنما یحییٰ سنوار اپنی جانب آنے والے ایک منی ڈرون کی طرف ڈنڈا اُچھالتے ہیں۔

ڈرون سے بنائی گئی اس ویڈیو میں جنوبی غزہ کی ایک تباہ شدہ عمارت میں یحییٰ سنوار گرد سے اٹے اور زخمی حالت میں ایک کُرسی پر بیٹھے ہیں جہاں منی ڈرون داخل ہوتا ہے اور وہ اُس پر ڈنڈا پھینکتے ہیں۔

دوسری طرف امریکہ کی نائب صدر کملہ ہیرس نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں حماس کے اعلیٰ رہنما کی موت ’غزہ میں جنگ کو آخرکار ختم کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔‘

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی نائب صدر نے یہ واضح بات اُس وقت کی جب اُن کی انتخابی مہم کی تقریب کی جگہ کے باہر جمع ہونے والے فلسطین کے حامی مظاہرین اکھٹے تھے۔

جمعرات کو ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نے کہا کہ ’جنگ کا خاتمہ اس طرح ہونا چاہیے کہ اسرائیل محفوظ ہو، یرغمالیوں کو رہا کیا جائے، غزہ میں مصائب ختم ہوں اور فلسطینی عوام اپنے وقار، سلامتی، آزادی اور خود ارادیت کے حق کا ادراک کر سکیں۔‘

وائٹ ہاؤس کی جانب سے یحییٰ سنوار کی موت پر صدر جو بائیڈن کا بیان جاری کرنے کے بعد کملا ہیرس نے وسکونسن-ملواکی یونیورسٹی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ پرسوں سے شروع کرنے کا وقت ہے۔‘

گزشتہ روز اسرائیلی حکام نے بتایا تھا کہ یحییٰ سنوار غزہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ لڑائی میں مارے گئے۔

قبل ازیں صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی موت ’اسرائیل، امریکہ اور دنیا کے لیے ایک اچھا دن ہے۔‘  انہوں نے حماس کے اس کو زیرِحراست اسرائیلی یرغمالیوں کو آزاد کرنے اور غزہ میں ایک سال سے جاری جنگ کے خاتمہ کا ’موقع‘ قرار دیا۔

صدر بائیڈن نے ایک بیان میں یحییٰ سنوار موت کا موازنہ 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے ذمہ دار القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد امریکہ میں ہونے والے احساس سے کرتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر کے اسرائیل پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کی ہلاکت ’ایک بار پھر ثابت یہ کرتی ہے کہ دنیا میں کہیں بھی کوئی دہشت گرد انصاف سے بچ نہیں سکتا، چاہے اس میں کتنا ہی وقت لگے۔‘

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق 7 اکتوبر 2023 میں اسرائیل پر کیے گئے حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے یحییٰ سنوار اسرائیل کے مطلوب افراد میں سرفہرست اور گزشتہ دو دہائیوں سے روپوش تھے۔

رواں سال اگست میں ایران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد یحییٰ سنوار کو اس تنظیم کا سربراہ بنایا گیا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More