اسرائیل میں کہیں بھی حملہ کرسکتے ہیں: حزب اللہ کے قائم مقام سربراہ کا بڑا بیان

سچ ٹی وی  |  Oct 16, 2024

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ ہمارے حملوں سے اسرائیل کو تکلیف پہنچے گی اور ہم اسرائیل میں کہیں بھی حملہ کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں کیونکہ دشمن نے لبنان میں ایسا ہی کیا ہے۔

اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور دیگر کمانڈرز کی شہادت کے بعد سے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ میں مزید شدت آگئی ہے۔

حزب اللہ کے قائم مقام سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ اسرائیل کو تکلیف پہنچائے گا تاہم انہوں نے جنوبی لبنان میں تنازع کے باعث جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ حل جنگ بندی ہے، ہم کمزوری کی پوزیشن سے بات نہیں کررہے، اگر اسرائیلی ایسا نہیں چاہتے تو ہم جنگ جاری رکھیں گے لیکن بالواسطہ معاہدے کے تحت جنگ بندی کے بعد آباد کار شمال کی طرف واپس جائیں گے اور دیگر اقدامات کیے جائیں گے۔

نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ حزب اللہ اسرائیل میں کہیں بھی حملہ کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے کیونکہ اس کے دشمن نے لبنان میں ایسا ہی کیا ہے، حملوں سے مزید اسرائیلی بے گھر ہو جائیں گے اور سیکڑوں ہزاروں، یہاں تک کہ 20 لاکھ سے زیادہ، کسی بھی وقت، کسی بھی دن خطرے میں ہوں گے، ہم اسرائیلی فوج اور اس کے مراکز اور بیرکوں کو نشانہ بنانے پر توجہ دیں گے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل بیروت سمیت لبنان میں ہر جگہ حزب اللہ پر بغیر کسی رحم کے حملے جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More