کراچی کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی

سچ ٹی وی  |  Oct 11, 2024

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت برقرار ہے، جہاں پارہ 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، شہر میں آج بھی بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر چند مقامات پر بھی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں اس وقت مطلع صاف اور تیز دھوپ کا راج ہے جبکہ کراچی شہر میں آج بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا، کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر قائد میں شمال مشرق سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے۔

ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضر صحت ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی گیارویں نمبر پر موجود ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 129 پرٹیکیلیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گھروں سے نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

ملک کے چند مقامات پر بارش ہونے کی پیشگوئی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے چند مقامات پر بارش ہونے کی پیشگوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ میں شدید گرم رہے گا، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مری اور گلیات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک جبکہ تھرپارکر، مٹھی اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے سا تھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود ر ہنے کا امکان جبکہ گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کی پیشگوئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More