انڈین ایئرلائن انڈیگو کی ایک فلائٹ میں خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں 43 برس کے ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق معاملے سے آگاہی رکھنے والے افراد نے جمعرات کو بتایا کہ نئی دہلی سے چنئی جانے والی انڈیگو ایئر کی پرواز میں ایک مسافر نے اگلی نشست پر بیٹھی خاتون کو نامناسب انداز سے چُھوا۔
بعدازاں خاتون نے ساڑھے چار بجے جہاز کے لینڈ ہونے کے بعد مسافر کے خلاف ایئرپورٹ سے متصل تھانے میں رپورٹ درج کروا دی۔ان کا موقف تھا کہ ’میں جہاز کی کھڑکی کے ساتھ والی سیٹ پر سو رہی تھی کہ میرے عقب والی سیٹ پر موجود مسافر نے نامناسب انداز سے میرے جسم کو ہاتھ لگایا۔‘ خاتون نے جہاز کے عملے کی مدد سے مسافر کے خلاف سیکشن 75 (جنسی ہراسیت کے الزام) کے تحت مقدمہ درج کروا دیا جس کے بعد اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ شخص کی شناخت راجیش شرما کے طور پر ہوئی ہے، ملزم کا بنیادی طور پر تعلق راجستھان سے ہے، تاہم وہ کئی برسوں سے چنئی میں رہائش پذیر ہیں۔چنئی ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت مرد مسافر سیٹ نمبر 3 اے پر بیٹھے تھے۔ان کے مطابق متاثرہ خاتون اپنی مرضی سے شکایت درج کروانا چاہتی تھیں، لہٰذا ہمارے سٹاف نے اُن کے ساتھ تعاون کیا۔دوسری جانب انڈیگو ایئرلائن کی جانب سے تاحال باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔