پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ہیری بروکس کی ٹرپل سنچری اور جو روٹ کی ڈبل سنچری کی بدولت اپنی پہلی اننگز 823 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرتے ہوئے اننگز میں 267 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران انگلش بلے بازوں نے متعدد ریکارڈز اپنے نام کیے۔ جو روٹ نے ٹیسٹ کریئر کی چھٹی اور ہیری بروک نے پہلی ڈبل سنچری اسکور کی۔
جو روٹ نے اپنے کیریئر کی چھٹی ڈبل سنچری اسکور کرکے الیسٹر کک سے ایک اور ریکارڈ بھی چھین لیا وہ اب انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
اس کے علاوہ جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کرلیا، اس سے پہلے ٹیسٹ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 254 رنز تھا جو انہوں نے 2016 میں پاکستان کے خلاف ہی بنایا تھا۔
دوسری جانب ہیری بروک جو پاکستان کے خلاف مسلسل چوتھی اننگز میں سنچری بنانے کا ریکارڈ پہلے ہی قائم کرچکے تھے ، اب اپنی پہلی ڈبل سنچری بنانے میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔
ہیری بروک نے اپنی پہلی ڈبل سنچری کو ٹرپل سنچری میں تبدیل کیا اور وہ 322 گیندوں پر 317 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور 29 چوکے شامل تھے۔
ملتان ٹیسٹ میں کئی ریکارڈز توڑنے والے جو روٹ نے اپنے کریئر بیسٹ اننگز کھیلی اور وہ 262 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ اور صائم ایوب نے 2،2 جب کہ شاہین آفریدی، عامر جمال اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ پہلی اننگز:
پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ کے کپتان اولی پوپ واحد بلے باز تھے جو بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے، انگلینڈ کے زیک کرالی 78، بین ڈکٹ 84 ، ہیری بروک 317، جو روٹ 262 ، جیمی اسمتھ 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی پہلی اننگز:
ملتان ٹیسٹ میں ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، کپتان شان مسعود 151، عبداللہ شفیق 102، سلمان علی آغا 104 رنز بناکر نمایاں رہے، سعود شکیل 82، بابراعظم 30، نسیم شاہ 33، شاہین آفریدی 26 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3، گس اٹکنسن، برائیڈن کارس نے 2،2 جب کہ شعیب بشیر، جوئے روٹ اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان پلینگ الیون:
شان مسعود (کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔
انگلینڈ پلینگ الیون:
اولی پوپ (کپتان)، زیک کرالی، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ(وکٹ کیپر)، کرس ووکس، گس اٹکنسن، برائیڈن کارس (ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔