ملتان ٹیسٹ: جو روٹ نے اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا

سچ ٹی وی  |  Oct 09, 2024

پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں انگلش بلے باز جو روٹ نے متعدد ریکارڈز اپنے نام کرلیے اور انہوں نے انگلینڈ کے سابق کپتان الیسٹر کک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا قومی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں اپنے کیریئر کی 35ویں سنچری اسکور کی۔

اس دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرلیا، جو روٹ نے انگلینڈ کے سابق کپتان الیسٹر کک سے یہ ریکارڈ چھینا، جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ہزار 472 رنز بنارکھے تھے۔

گزشتہ ماہ جو روٹ نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں سری لنکا کے خلاف 2 سنچریاں بناکر سابق کپتان الیسٹر کک سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا قومی ریکارڈ بھی چھین لیا تھا اور اب وہ رنز کے اعتبار سے بھی ان سے آگے ہوگئے ہیں۔

دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی بات آئے تو سچن ٹنڈولکر ہمیشہ سرفہرست رہتے ہیں اور آج تک ان کے قریب جانے کی بھی کسی نے ہمت نہیں کی۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر 15 ہزار 921 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، اس فہرست میں رکی پونٹنگ 13 ہزار 378 رنز کے ساتھ دوسرے، جیک کیلس 13 ہزار 289 کے ساتھ تیسرے اور راہول ڈریوڈ 13 ہزار 288 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں اور اب جو روٹ نے بھی اس فہرست میں پانچویں نمبر پر جگہ بنالی ہے۔

ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز تک جو روٹ 12 ہزار 550 رنز بناچکے ہیں اور وہ راہول ڈریوڈ سے تقریباً 800 رنز پیچھے ہیں اور پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ممکنہ طور پر یہ فاصلہ کم ہوجائے گا اور شاید وہ اسی سیریز کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں تیسری پوزیشن پر قابض ہوجائیں۔

ملتان ٹیسٹ سے پہلے جو روٹ نے ریکارڈ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا تھا کہ لوگ مجھ سے اس بارے میں پوچھتے ہیں کہ میں کب تک کھیلتا رہوں گا لیکن میں اس وقت صرف کھیل سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More