قومی ٹیسٹ بیٹر بابر اعظم کا اچانک قومی وائٹ بال ٹیم کی کپتانی کو خیر باد کہنے کے بعد پاکستان ٹیم کا آئندہ کپتان کون ہوگا؟ یہ ایک اہم سوال ہے۔
اس تناظر میں وکٹ کیپر محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ ان کے کپتان بننے کے امکانات بہت کم دکھائی دیتے ہیں۔
اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین آفریدی کو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے قیادت سے نا صرف علیحدہ کیا، بلکہ وکٹ کیپر محمد رضوان کو ٹیسٹ ٹیم کی نائب کپتانی سے ہٹا کر سعود شکیل کو شان مسعود کا نائب مقرر کردیا گیا۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلے راؤنڈ سے قومی ٹیم کے باہر ہونے کے بعد خبریں سامنے آئیں کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کے 3 گروپس ہیں اور اب اطلاعات ہیں کہ بورڈ کسی ایسے کھلاڑی کو قیادت کے لیے سامنے لانے کے بارے میں سوچ رکھتا ہے جس کا نام کسی تنازعے میں نا ہو۔
یاد رہے کہ بابر اعظم گزشتہ سال ورلڈکپ میں شکست کے بعد نومبر میں تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبر دار ہو گئے تھے۔
جس کے بعد پی سی بی نے شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ کا کپتان مقرر کر دیا تھا تاہم ون ڈے کے کپتان کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔
لیکن پھر رواں سال مارچ میں بابر اعظم کو ایک بار پھر پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ کا کپتان بنایا گیا تھا اور اب وہ پھر کپتانی سے مستعفی ہوگئے ہیں۔