پاکستانی کرکٹر رضا حسن نے نیویارک میں انڈیا سے تعلق رکھنے والی پوجا نامی خاتون سے منگنی کر لی ہے۔رضا حسن کچھ عرصے سے نیویارک میں مقیم تھے اور وہیں پر ان کی پوجا کے ساتھ منگنی کی تقریب منعقد ہوئی۔رضا حسن نے منگل کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوجا کے ساتھ فوٹو پوسٹ کرتے ہوئے اپنی منگنی کا اعلان کیا۔انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ’میں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ میں نے منگنی کر لی ہے، میں نے اپنی محبت سے ہمیشہ کے لیے میرا ہوجانے کا کہا اور اس نے ہاں کر لی ہے۔‘میڈیا رپورٹس کے مطابق رضا اور پوجا کی شادی آئندہ برس فروری میں متوقع ہے۔32 سالہ رضا حسن نے اپنے کریئر میں ایک او ڈی آئی اور 10 ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔کچھ عرصہ قبل امریکہ میں ہونے والے ورلڈکپ میں بھی رضا حسن پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔منٹس مرر نامی ویب سائٹ کے مطابق رضا حسن سے جب پوچھا گیا کہ انہوں نے مسلمان ہوتے ہوئے ایک ہندو لڑکی سے منگنی کیوں کی؟ تو اس کے جواب میں حسن کا کہنا تھا کہ پوجا اسلام میں دلچسپی رکھتی ہیں اور آئندہ آنے والے دنوں میں وہ اپنا مذہب تبدیل بھی کر سکتی ہیں۔اس سے قبل ماضی میں بھی دیگر کئی سارے پاکستانی کرکٹرز نے انڈیا سے شادیاں کی ہیں۔ View this post on Instagram A post shared by Raza Hassan (@razahassan_100)پاکستانی کرکٹر محسن خان نے سنہ 1983 میں انڈین ایکٹرس رینا روئے سے شادی کی تھی تاہم ان کی سنہ 1990 میں علیحدگی ہو گئی تھی۔اسی طرح سے حال ہی میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی علیحدگی کا موضوع سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنا رہا۔شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے سنہ2010 میں شادی کی تھی تاہم ان کی رواں برس کے شروعات میں علیحدگی ہوگئی تھی۔اس کے علاوہ پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے انڈیا سے تعلق رکھنے والی سمیعہ خان سے شادی کی تھی۔