کانپور ٹیسٹ: بندروں کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے سٹیڈیم میں لنگور ’تعینات‘

اردو نیوز  |  Sep 28, 2024

انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کانپور میں جاری سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے حوالے سے ایک دلچسپ خبر سامنے آئی ہے کہ سٹیڈیم میں بندروں کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے لنگوروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن نے کانپور کے گرین پارک سٹیڈیم میں جاری انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران بندروں کو سٹیڈیم میں گھسنے سے روکنے کے لیے انوکھا کام کیا ہے۔

بندر سٹیڈیم میں آنے والے تماشائیوں سے کھانے پینے کی چیزوں سمیت موبائل فون تک چھین کر لے جاتے ہیں جس کے لیے سٹیڈیم کی انتظامیہ نے لنگوروں کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

میچ کے لیے یوں تو سٹیڈیم میں سکیورٹی گارڈز موجود ہیں تاہم بندروں سے حفاظت کے لیے مزید سکیورٹی منگوائی گئی ہے۔

سٹیڈیم کے ڈائریکٹر سنجے کپور کہتے ہیں کہ ’بندروں کے خطرے سے بچنے کے لیے ہم نے لنگوروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔‘

سنجے کپور نے مزید انکشاف کیا کہ سٹینڈ میں موجود کیمرہ پرسن کو بندروں سے کھانے پینے کی اشیا چھین کر لے جانے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

دوسری جانب میچ کے آغاز سے قبل ایک اور تنازع بھی دیکھنے میں آیا جب سٹیڈیم کے سی بلاک کو تماشائیوں کے بیٹھنے کے لیے نامکمل قرار دیا گیا۔

کانپور ٹیسٹ میچ کے پہلے دن اس سٹینڈ کو بند رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More