آرمی چیف نے آئی ایم ایف پروگرام دلوانے میں اہم کردار ادا کیا: وزیر اعظم

سچ ٹی وی  |  Sep 28, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب، امارات،چین کی مدد کے بغیر عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) پروگرام نہ ملتا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے معاشی ترقی کے لیے ذاتی کوششیں کیں، سپہ سالار نے برادر ملک کا دورہ کر کے آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق بات کی، امید ہے یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا۔

لندن میں میڈیا ٹاک میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فوج اور شہداء کو گالیاں دینے والوں کے ہوتے ہوئے ہمیں دشمن کی ضرورت نہیں۔

بانی پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے چین سے تعلقات خراب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پی آئی اے بند کروانے میں بھی سابق حکومت ملوث ہے، نقصان میں چلنے والے قومی اداروں کی نجکاری یا آؤٹ سورس کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری میں جنرل عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا ہے، آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی منظوری میں سعودی عرب، یو اے ای اور چین نے مدد کی، عالمی اداروں نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان اب ترقی کی طرف گامزن ہے، پاکستان میں ٹیکس کا نیٹ ورک بڑھانا ہوگا، اشرافیہ کو بھی قربانی دینا ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقتدار میں آکر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، 2018 میں چارٹر آف ڈیمو کریسی پر سائن کرنے کی پیشکش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں خطاب کرکے پاکستانیوں کی آواز دنیا تک پہنچائی، برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More