سری لنکن بلے باز جنھوں نے سعود شکیل، فواد عالم کے ریکارڈ توڑے اور بریڈمین کا ریکارڈ برابر کیا

بی بی سی اردو  |  Sep 28, 2024

Getty Images

سری لنکا کے بلے باز کمِنڈو مینڈس نے جمعے کو نہ صرف 182 رنز کی ایک ناقابل شکست اننگز کھیلی بلکہ انھوں نے ایک ہی ٹیسٹ میں کئی ریکارڈز توڑ دیے۔

ان کے اس کارنامے پر ان کے ساتھی کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے کہا کہ ابھی تو انھوں نے اڑان بھری ہے، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔ سوشل میڈیا پر کل سے کمِنڈو مینڈس ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

جب کمِنڈو مینڈس نے اپنے آٹھویں ٹیسٹ میچ میں آٹھ بار 50 رنز کا سکور عبور کیا تو انھوں نے پاکستان کے بلے باز سعود شکیل کا مسلسل سات ٹیسٹ میچز میں سات نصف سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

یوں پتا چلا کہ سعود شکیل کا ایسا بھی کوئی ریکارڈ تھا۔ مگر سعود شکیل کے مداحوں اور ٹیسٹ کرکٹ کے اعداد و شمار پر گہری نظر رکھنے والوں کے ذہن میں ان کا یہ ریکارڈ ضرور رہا ہوگا۔

اور پھر جب سری لنکا کے 25 سالہ نوجوان کرکٹر نے سنچری بنائی تو وہ پہلے آٹھ ٹیسٹ میچوں میں پانچ سنچریاں بنانے والے پہلے ایشیائی کرکٹر بن گئے۔ یوں انھوں نے بیٹنگ لیجنڈ سر ڈان بریڈمین کے ریکارڈ کی برابری کی جنھوں نے ٹیسٹ کرکٹ کی اپنی پہلی 13 اننگز میں پانچ سنچریاں بنائی تھیں۔

پہلی پانچ سنچریوں کے معاملے میں ویسٹ انڈیز کے ایورٹن ویکس سب سے آگے ہیں جنھوں نے اپنے کیریئر کی پہلی دس اننگز میں ہی پانچ سنچریاں لگا لی تھیں۔ لیکن سری لنکا کے اس نوجوان کھلاڑی کا کارنامہ قابل ذکر ضرور ہے۔

ویکس کے علاوہ ہربرٹ سٹکلف اور رابرٹ ہاروی نے 12 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ جبکہ سر ڈان بریڈمین اور کمِنڈو مینڈس نے 13 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

Getty Imagesکمنڈو مینڈس نے انگلینڈ کے خلاف مینچسٹر میں 134 رنز بنائےسب سے کم اننگز میں پانچ سنچریوں کا ریکارڈ

اگر ایشیا کے تناظر میں دیکھا جائے تو انھوں نے سب سے کم اننگز میں پانچ سنچریاں لگانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ یہ ریکارڈ پہلے پاکستان کے بیٹسمین فواد عالم کے نام تھا جنھوں نے 22 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

اس کے بعد جب کمِنڈو مینڈس نے چھکا لگا کر اپنے ایک ہزار رنز پورے کیے تو انھوں نے ایک اور تاریخ رقم کی۔ انھوں نے انڈین بیٹسمین ونود کامبلی کا ریکارڈ توڑ دیا اور وہ ایشیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے جنھوں نے محض 13 اننگز میں ایک ہزار سے زیادہ رنز حاصل کیے۔ ونود کامبلی نے یہ اعزاز 14 اننگز میں حاصل کیا تھا۔

اس کے ساتھ انھوں نے سرڈان بریڈ مین کے ریکارڈ کی برابری کی جنھوں نے 13 ہی اننگز میں ایک ہزار رنز پورے کیے تھے لیکن اس دوران انھوں سات ٹیسٹ میچز ہی کھیلے تھے۔

لیکن اننگز کے لحاظ سے دیکھا جائے تو سٹکلف اور ویکس نے ایک ہزار رنز 12 اننگز میں بنائے ہیں لیکن انھوں نے نو ٹیسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

کمنڈو مینڈس کے دیگر ریکارڈ

30 ستمبر سنہ 1998 میں سری لنکا کے شہر گال میں پیدا ہونے والے کمِنڈو مینڈس نے 8 جولائی سنہ 2022 کو آسٹریلیا کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ کھیلا اور چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور انھوں نے 61 رنز سکور کیے۔

اس کے بعد سے انھوں نے واپس مڑ کر نہیں دیکھا۔ بنگلہ دیش کے خلاف سلہٹ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز کی دونوں اننگز میں انھوں نے سنچری (102 اور 164 رنز) سکور کی۔ پھر بنگلہ دیش کے خلاف چٹاگونگ کے اگلے میچ میں 92 رنز ناٹ آؤٹ اور 9 رنز بنائے۔

ان کا اگلا میچ انگلینڈ کے خلاف مینچسٹر میں تھا جس کی پہلی اننگز میں 12 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں سنچری (134) سکور کی۔

لارڈز کے میچ میں 74 اور چار رنز بنائے جبکہ اوول میں 64 رنز بنائے۔ پھر نیوزی لینڈ کے خلاف گھریلو سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 114 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں 13 رنز اور پھر گالے میں کھیلے جا رہے اپنے آٹھویں ٹیسٹ میں انھوں نے 182 ناٹ آؤٹ سکور کیا۔

دنیا کا ’تیز ترین‘ پاکستانی بولر جو صرف پانچ ٹیسٹ میچ ہی کھیل پایاایڈیڈاس اور پوما: دو بھائیوں کی دشمنی سے پیدا ہونے والی کمپنیاں جنھوں نے کھیلوں کی دنیا کی کایا ہی پلٹ دیوسیم اکرم: کالج کی ٹیم کا بارہواں کھلاڑی پاکستانی ٹیم کا فاسٹ بولر کیسے بنا؟میلکم مارشل: وہ فاسٹ بولر جو ’صرف دو گیندوں میں بلے باز کی کمزوری جان لیتے‘

اینجلو میتھیوز نے کہا کہ کمِنڈو مینڈس نے صرف اپنی ڈبل سنچری مس کی اور وہ بھی اس وجہ سے پہلے سے ہی یہ طے تھا کہ چائے کے وقفے پر اننگز ڈکلیئر کر دی جائے گی۔

انھوں نے میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا: کمنڈو، ابھی ابھی تو انھوں نے پرواز بھری ہے، ہے نا؟ اس نے اب تک جو آٹھ ميچز کھیلے ہیں ان میں ناقابل یقین کھیل پیش کیا۔'

انھوں نے مزید کہا: 'بہت خوشی ہوئی کہ ہم میں سے ایک تمام ریکارڈز توڑ رہا ہے۔ اس کا کارنامہ ناقابل یقین ہے، اس کے پاس مہارت ہے، اس کے پاس کھیلنے کا مزاج ہے، اس کے پاس ہمت ہے، اس کے پاس وہ سب کچھ ہے جس کی ایک بلے باز اور کرکٹر کو ضرورت ہے۔'

اپنا 113 واں میچ کھیلنے والے میتھیوز نے کہا: 'اس کی پختگی اس کی عمر کو بھی جھٹلاتی ہے۔ ہم میں سے کوئی بھی اس قسم کے کام کرنے کے قابل نہیں تھا جو اس نے اپنے کریئر میں اس دور میں کیا ہے۔ یقینی طور پر میں نے حالیہ برسوں میں جتنے بہترین بلے باز دیکھے ہیں وہ ان میں سے ایک ہے۔'

سوشل میڈیا پر لوگ کمنڈو کی تعریف میں پیش پیش نظر آ رہے ہیں اور ان کے ریکارڈ کے پیش کر رہے ہیں۔ کوئی انھیں سر ڈان بریڈ مین سے ملا رہا ہے تو کوئی سنیل گاوسکر سے جنھوں نے پہلے آٹھ ٹیسٹ میچوں میں چار سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔

کوئی ان کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا ریکارڈ شیئر کر رہا جنھوں نے ان سے پہلے یہ کارنامے انجام دیے تھے۔ کوئی ان کو ناقابل یقین کہہ رہا ہے تو کوئی انھیں لیجنڈ بتا رہا ہے۔

کچھ لوگ کہہ رہے یہ کہ 147 سالہ کرکٹ کی تاریخ میں جو کارنامہ کمِنڈو مینڈس نے سرانجام دیا ہے وہ کوہلی اور روہت شرما بھی انجام نہ دے سکے ہیں۔

کوئی بیٹنگ اوسط کی بات کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ کمنڈو کا بیٹنگ اوسط ابھی صرف سر ڈان بریڈمین سے پیچھے ہے۔

بہر حال کمنڈو مینڈس جو پہلے سات نمبر پر بیٹنگ کرنے آتے تھے اب وہ پانچ نمبر پر بیٹنگ کرنے آنے لگے ہیں اور اگر ان کا یہی فارم جاری رہا تو ان کی پوزیشن میں مزید اضافہ نظر آئے گا۔

کمنڈو مینڈس اگرچہ بیٹسمین ہیں لیکن ان کی وجہ شہرت ان کی بولنگ بھی ہے کیونکہ وہ دونوں ہاتھوں سے سٹیک اور اچھی بالنگ کر لیتے ہیں۔ ابھی وہ 16 سال کے بھی نہیں ہوئے تھے کہ سری لنکا کی انڈر-19 ٹیم میں انھوں نے اپنی جگہ بنائی اور پھر سنہ 2018 کے انڈر-19 ورلڈ کپ میں سری لنکا کی کپتانی کی۔

سری لنکا کی ٹی-20 ٹیم میں تو وہ 2018 میں ہی منتخب ہو گئے تھے جبکہ ون ڈے میں سنہ 2019 میں منتخب ہوئے اور پھر ٹیسٹ ٹیم میں سنہ 2022 میں جگہ بنائی۔

جب عمران خان نے انڈیا کے خلاف جیت کو جاوید میانداد کے ریکارڈ پر ترجیح دیدنیا کا ’تیز ترین‘ پاکستانی بولر جو صرف پانچ ٹیسٹ میچ ہی کھیل پایاایڈیڈاس اور پوما: دو بھائیوں کی دشمنی سے پیدا ہونے والی کمپنیاں جنھوں نے کھیلوں کی دنیا کی کایا ہی پلٹ دیبابر اعظم ریکارڈز کی بلندیوں پر کیسے پہنچےکوہلی کی 49 سنچریوں کا ریکارڈ: جب سچن تندولکر نے خود کہا کہ ویراٹ ان کا ریکارڈ توڑیں گے کیا برائن لارا کی 400 رنز کی ریکارڈ اننگز ’خود غرضی‘ پر مبنی تھی؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More