اتر پردیش میں سکول کی کامیابی کے لیے طالب علم کی ’قربانی‘

اردو نیوز  |  Sep 28, 2024

انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک پرائیویٹ سکول کی کامیابی کے لیے طالبعلم کی قربانی دے دی گئی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اتر پردیش کے شہر ہتھراس کے پرائیویٹ سکول میں کالے جادو کی رسم کے تحت دوسری جماعت کے بچے کی قربانی دی گئی۔

11 برس کے کریتھارتھ کو مبینہ طور پر سکول کے ہاسٹل میں قتل کیا گیا تاکہ ڈی ایل پبلک سکول کامیاب ہو سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سکول کے مالک جاسودھن سنگھ، اس کے بیٹے اور ڈائریکٹر سکول دنیش باگھیل سمیت تین ٹیچرز کو قتل کے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق سکول کے ڈائریکٹر کے والد کالے جادو پر یقین رکھتے تھے۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزمان بچے کو سکول کے باہر ٹیوب ویل کے قریب قتل کرنا چاہتے تھے تاہم جب بچے کو ہاسٹل سے باہر لے کر جایا گیا تو اس نے چیخ و پکار کرنا شروع  کر دی جس کے بعد ہاسٹل ہی میں اس کا گلہ گھونٹ کر مار دیا گیا۔

تفتیش کے دوران سکول کے قریب سے کالے جادو میں استعمال کی جانے والی چیزیں برآمد کی گئی ہیں۔

اس سے قبل ملزمان 9 سال کے ایک اور بچے کو چھ ستمبر کو قربان کرنا چاہتے تھے تاہم اس میں وہ ناکام رہے۔

قتل ہونے والے بچے کے والد کرشن کشواہا نے بتایا کہ انہیں پیر کے روز سکول انتظامیہ کی جانب سے کال آئی کہ اُن کا بچہ بیمار ہو گیا ہے۔

جب کرشن کشواہا سکول پہنچے تو انتظامیہ نے بتایا کہ سکول کے ڈائریکٹر بچے کو اپنی گاڑی میں ہسپتال لے گئے ہیں جس کے بعد بچے کی لاش کار سے برآمد ہوئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More