تحریک انصاف کا لاہور میں جلسہ، کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری

سچ ٹی وی  |  Sep 21, 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج لاہور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کررہی ہے جس کے لیے ملک کے مختلف مقامات سے ٹولیوں کی شکل میں کارکنان جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں جب کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اٹک پُل پر تمام رکاوٹوں کو اپنی نگرانی میں ہٹوادیا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر مرکزی کنٹینر پر پہنچ گئے، تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی اعجاز شفیع، رانا شہباز بھی کنٹینر پر پہنچ گئے ہیں۔

ادھر لاہور پولیس نے جلسے کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ جاری ہے، ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز محمد فیصل کامران نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ شرکا کی سیکیورٹی کے لیے 12ہزار سے زائد افسران واہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں، خواتین شرکا کی چیکنگ کے لیے 324 لیڈیز اہلکار بھی ڈیوٹی پر مامور ہیں، لاہور میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جلسہ گاہ اور اطراف کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، شہری امن و امان برقرار رکھنے میں لاہور پولیس کا ساتھ دیں۔

دوسری جانب پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پی ٹی آئی جلسے کی چند تصاویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا ’جلسے کے لیے مقررہ وقت کا آغاز ہونے والا ہے اور اب تک تین درجن کرسیاں نہیں بھر سکیں‘۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More