پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے مہمان جنوبی افریقہ کی ٹیم کو ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں 13 رنز سے شکست دے دی۔بدھ کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان ویمن ٹیم نے ٹی20 انٹرنیشنل میں اپنا سب سے بڑا سکور 181 بھی بنا ڈالا۔اس سے قبل یہ ریکارڈ پانچ وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز تھا جو پاکستان ویمنز نے 2018 میں ملائشیا کے خلاف بنایا تھا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز سکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے منیبہ علی نے 45 اور کپتان فاطمہ ثنا 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ ندا ڈار نے 29 اور سدرہ امین نے 28 رنز سکور کیے۔
منیبہ علی کو شاندار کارگردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سونے لیز اور اینیری ڈیرکسن نے ایک ایک جبکہ تمی سکھونے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لارا ولوارڈٹ 36 جبکہ سونے لیز 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
ان کے علاوہ تزمین برٹس نے نو، نکی بوسچ نے 24، نیڈن دی کلیرک نے 12 اور کلیو ٹرائیون نے 30 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔