کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی اپنے آپ سے نکلیں اور ملک کے لیے کھیلیں۔ دباؤ برداشت نہیں کر سکتے تو پھر ان کا کیا فائدہ ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش سے شکست کے بعد اب مردے اکھاڑنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ ہماری ٹیم میں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی جیسے ٹاپ کرکٹرز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کھلاڑی سے پرفارم نہیں ہو پا رہا تو اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کریں۔ ہمارے کھلاڑی گرتے ہیں تو گرتے ہی چلے جاتے ہیں۔ پچ سلو تھی یا فاسٹ سب نے دیکھ لیا۔
یونس خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں بہت سمجھدار لوگ ہیں اور مجھے نہیں معلوم کہ چیئرمین پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیلنٹ نہ ہونے کی بات کیوں کی۔ ہمارے پاس اسٹار کھلاڑی اور ڈومیسٹک میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 سال کے دوران ڈومیسٹک اسٹرکچر میں تبدیلی ہماری تباہی کی ذمہ دار ہے۔ اس دوران بار بار نظام میں تبدیلی لائی جاتی رہی۔ کبھی انگلینڈ اور کبھی آسٹریلیا کے نظام کو نافذ کرنے کی کوشش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اگلے ٹی20 ورلڈکپ میں بھی امریکی ٹیم پاکستان کو شکست دے گی، محمد آصف
سابق کپتان نے کہا کہ جے شاہ کے چیئرمین آئی سی سی بننے کا فائدہ کرکٹ کو ہونا چاہیے۔ وہ اپنا کردار ادا کریں اور اسپورٹس میں اسپرٹ کا مظاہرہ کریں۔ ان کے اچھے اقدامات کی بدولت بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آ سکتی ہے جبکہ اسی طرح پاکستان کرکٹ ٹیم بھی بھارت کا دورہ کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھا جائے تو بہتر ہو گا۔