شرح پیدائش کم اور اموات زیادہ، جاپان کی آبادی میں مسلسل 15ویں برس کمی

اردو نیوز  |  Jul 25, 2024

جاپان میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ ملک کی آبادی گزشتہ 15 برس سے مسلسل کم ہو رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جاپان میں گزشتہ 15 برس کے دوران آبادی میں پانچ لاکھ کی کمی ہوئی کیونکہ پیدائش کی شرح کم اور اموات بڑھ رہی ہیں۔

گزشتہ برس جاپان میں اپنی تاریخ کی سب سے کم بچوں کی پیدائش ہوئی جو سات لاکھ 30 ہزار تھی۔ اسی طرح گزشتہ برس سب سے زیادہ اموات ہوئیں جن کی تعداد 15 لاکھ 80 ہزار رہی۔

رواں سال کے آغاز پر یکم جنوری کو جاپان کی آبادی 12 کروڑ 49 لاکھ تھی۔

جاپان میں داخلی امور کی وزارت کی جانب سے جاری کیے گئے ڈیٹا کے مطابق غیرملکی شہریوں کی رہائش کی شرح گیارہ فیصد بڑھی اور اُن کی جاپان میں آبادی پہلی بار 30 لاکھ ہو گئی ہے۔

غیرملکیوں کی جاپان میں اب کُل آبادی کا تقریباً 3 فیصد ہیں اور زیادہ تر 15 سے 64 سال کے درمیان کام کرنے والے ہیں۔

سروے بتاتے ہیں کہ ایسے کم عمر جاپانیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جو شادی کرنے یا بچے پیدا کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔ اس کی وجوہات میں ملازمت کے کم امکانات اور مہنگائی ہے جو تنخواہ کے مقابلے میں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اسی طرح کارپوریٹ کلچر میں صنفی تعصب بھی ہے جہاں کام کرنے والی خواتین اور ماؤں پر بوجھ پڑتا ہے۔

نوجوان جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے حکومت نے 2024 کے بجٹ 34 ارب ڈالر مختص کیے ہیں۔ یہ رقم نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم کے لیے سبسڈی میں اضافے پر خرچ کی جائے گی۔

رواں سال کے آغاز پر یکم جنوری کو جاپان کی آبادی 12 کروڑ 49 لاکھ تھی۔ فائل فوٹو: اے ایف پیماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات زیادہ تر ان شادی شدہ جوڑوں کے لیے ہیں جو پہلے سے بچے پیدا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا جن کے پہلے سے ہی بچے ہیں۔

اُن کے مطابق حکومتی اقدامات میں شادی کرنے سے ہچکچاتے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر توجہ مرکوز نہیں کی گئی۔

جاپان کی آبادی 2070 تک تقریباً 30 فیصد کم ہو کر 87 ملین ہو جائے گی، جبکہ اُس وقت ہر 10 میں سے چار شہریوں کی عمر 65 سال یا اس سے زیادہ ہو گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More