اولمپکس سائٹس کے قریب روزانہ اوسطاً چھ ڈرونز کو نشانہ بنا رہے ہیں: فرانسیسی وزیراعظم

اردو نیوز  |  Jul 23, 2024

فرانس کے وزیراعظم گیبریئل اتل نے کہا ہے کہ اولمپکس گیمز کے مقام کی حفاظت پر مامور سکیورٹی فورسز روزانہ اوسطاً چھ ڈرونز انٹرسیپٹ کر رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’بعض اوقات یہ ڈرونز عام افراد یعنی سیاحوں وغیرہ کی جانب سے تصاویر کھینچنے کے لیے اڑائے جاتے ہیں۔

گیبریئل اتل نے پیرس کے قریب ویلیزے ویکوبلے ایئر بیس پر واقع ڈرون ڈیفنس ہب کے دورے کے موقعے پر مزید کہا کہ ’اس لیے لوگوں کو قانون کی یاددہانی کرانا اہم ہے۔ فلائنگ ڈرونز پر پابندی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہاں نصب نظام ان ڈرونز کو انٹرسیپٹ کرنے اور ان کو چلانے والوں کو جلد گرفتار کرنے میں ہماری مدد کرتا ہے۔ ہم کسی کو بچ نکلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

وزیراعظم نے اس موقعے پر اتوار کو اولمپکس ویلیج کے آس پاس پیش آنے والے کچھ واقعات کا ذکر بھی کیا۔

گیبریئل اتل کی ٹیم کے ایک رکن کے مطابق ڈرون اڑانے والے برازیلین وفد کے کمیونیکیشن چیف کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

فرانس کے ایئر ڈیفنس کے جنرل انچارج سٹیفین گرون نے کہا کہ ’اجازت کے بغیر اڑائے گئے کسی بھی ڈرون کو جیم کر دیا جائے گا۔‘

اولمپکس سائٹس کے آس پاس صرف ڈرون انٹرسیپٹ کرنے کا سسٹم نہیں نصب کیا گیا بلکہ اینٹی ایئر کرافٹ بھی لگائی گئی ہیں۔

اولپمکس گیمز کی سکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 18 ہزار فرانسیسی فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے جن میں سے 11 ہزار ایلے ڈے فرانس میں موجود ہیں۔

جمعے کی شام اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب کے دوران پیرس کے چاروں طرف 150 کلومیٹرز کے علاقے کی فضائی حدود کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More