لیجنڈز چیمپیئن شپ: مسلسل 4 کامیابیوں کے بعد پاکستان کو جنوبی افریقہ سے شکست

ہم نیوز  |  Jul 10, 2024

لندن: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 میں مسلسل چار کامیابیوں کے بعد جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی میزبانی میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے میچ میں جنوبی افریقہ چیمپیئنز کے کپتان جیک کیلس نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ کی دعوت پر پاکستانی بیٹرز نے کھیل کا جارحانہ آغاز کیا۔ اوپنر شرجیل خان نے جنوبی افریقہ کے خلاف بھی بھارت جیسا انداز اپنایا اور 200 کے اسٹرائیک ریٹ سے 36 بالز پر 72 رنز بنائے۔ کامران اکمل صرف 13 رنز ہی بنا پائے اور کیچ آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔

تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والے صہیب مقصود اور شاہد آفریدی نے بالترتیب 24 اور 20 رنز بنائے۔ دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور عبدالرزاق نے 33 بالز پر 75 رنز کی شراکت قائم کی۔ انہوں نے مقررہ 20 اوورز میں ٹیم کا مجموعی اسکور 210 تک پہنچا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص پرفارمنس، وہاب ریاض اور عبدالرزاق عہدے سے فارغ

شعیب ملک 26 گیندوں پر 51 اور عبدالرزاق 15 بالز پر 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل اسٹین، ویرنن فل لینڈر، چارل لینگ ویلٹ اور عمران طاہر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے جواب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ ہوا۔ 27 کے مجموعی اسکور پر اوپنر جے پی ڈومنی کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے نمبر پر آنے والے سیرل ایروی نے جیک کیلس کے ساتھ مل کر پاکستانی باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔ جس کے بعد جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا۔

سیرل ایروی نے 57 بالز پر 105 رنز کی بہترین ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ اوپنر جیک کیلس بھی 47 گیندوں پر 82 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ سہیل خان نے حاصل کی۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں پاکستان نے آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، بھارت اور انگلینڈ سے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More