انڈین ڈاکٹر نے دوران پرواز اپیل واچ کی مدد سے خاتون کی جان کیسے بچائی؟

اردو نیوز  |  Jul 06, 2024

ایئر انڈیا کی نئی دہلی سے سان فرانسسکو جانے والی فلائٹ میں ایک ڈاکٹر نے طبی ایمرجنسی کے دوران ایک مسافر کی ایپل واچ کی مدد سے جان بچا لی۔

انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ دو جولائی کو پیش آیا جب دوران پرواز ایک 56 سالہ خاتون کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں چکر آنے لگے۔

اس وقت جہاز میں موجود ڈاکٹر گیگی وی کروٹوکلم جو کیرالہ کے راجگیری ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ہیں، خاتون کی مدد کو آئے۔

جہاز میں موجود عملے کو اپنا آئی ڈی کارڈ دکھانے کے بعد انہوں نے خاتون کا معائنہ کیا۔ اس وقت ان کے پاس کوئی طبی آلات نہیں تھے تو انہوں نے خاتون کی ایپل واچ کے ذریعے ہی ان کا معائنہ کیا، تاکہ ان کی دل کی دھڑکن اور آکسیجن کی ترسیل کو جانچا جا سکے۔

ڈاکٹر گیگی نے ایپل واچ کی مدد سے الیکٹروکارڈیوگرام ٹیسٹ بھی کیا۔ انہیں پتہ چلا کہ خاتون کو آکسیجن کی ترسیل  کم ہے اور ان کا بلڈ پریشر بڑھا ہوا ہے، جس پر انہوں نے خاتون کو جہاز میں موجود میڈیکل کٹ میں دستیاب انجیکشن لگائے۔

ڈاکٹر گیگی وی کروٹوکلم کی اس فوری مدد نے جہاز کو بھی وقت پر اپنی منزل پر پہنچا دیا کیونکہ کیپٹن فلائٹ کا رخ قریبی ایئرپورٹ کی جانب موڑنے کا سوچ رہا تھا۔ لیکن ڈاکٹر گیگی نے انہیں یقین دلایا کہ خاتون کی حالت بہتر ہے اور وہ سفر کر سکیں گی۔

جہاز جب سان فرانسسکو ایئرپورٹ پہنچا تو وہاں طبی عملہ موجود تھا جو خاتون کو فوراً ہسپتال لے گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون آئی سی یو میں ہیں جہاں ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More