طالبان حکومت کے لیے ’غیرمعمولی اقدام‘، نیکاراگوا نے کابل میں سفیر مقرر کر دیا

اردو نیوز  |  Jun 23, 2024

افغانستان کے مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ وسطی امریکی ملک نیکاراگوا نے افغانستان میں اپنا سفیر مقرر کیا ہے جو سفارتی طور پر تنہا طالبان حکومت کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے ایک غیرمعمولی اقدام ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مائیکل کیمبل جو اس وقت چین میں نیکاراگوا کے سفیر ہیں، بیجنگ میں اپنے دفتر سے اضافی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

حکومت کے حامی نیوز آؤٹ لیٹ ای ایل 19 ڈیجیٹل کے مطابق نیکاراگوا کے نائب صدر روزاریو موریلو نے جمعے کو کہا کہ ’ہم امارت اسلامیہ افغانستان، عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے ساتھی مائیکل کیمبل کو یہ اعزاز دیا۔‘

2021 میں طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد سے انہیں کسی بھی ملک نے باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے۔

نیکاراگوا حکومت نے اپنے اعلان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کا ذکر نہیں کیا۔

چین نے طالبان کو تسلیم کیے بغیر افغانستان میں اپنا سفیر مقرر کر رکھا ہے۔

امریکہ نے افغانستان کے لیے کوئی رسمی سفیر تعینات نہیں کر رکھا تاہم واشنگٹن کے اعلٰی سفارت کار ناظم الامور ہیں۔

طالبان نے افغانستان میں سخت شرعی قوانین نافذ کر کے خواتین کی آزادی کو سلب کر رکھا ہے جسے اقوام متحدہ ’صنفی امتیاز‘ کے طور پر بیان کرتا ہے۔

طالبان انتظامیہ نے اپنے ایک سابق ترجمان کو گذشتہ سال دسمبر میں چین میں سفیر مقرر کیا تھا جو 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی بھی ملک میں ان کے پہلے سرکاری طور پر تسلیم شدہ سفیر ہیں۔

افغانستان میں دیگر تمام غیرملکی سفیروں نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اسلامی جمہوریہ افغانستان کے تحت اپنے عہدے سنبھالے تھے، جسے 2021 میں طالبان نے ملک سے امریکہ کی قیادت میں بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد ختم کر دیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More